ضلع لوئر چترال کے 24 نشے کے عادی افرادمکمل بحالی کےبعد چترال پہنچ گئے

چترال (نامہ نگار) ڈپٹی کمشنر لوئر چترال راؤ ہاشم عظیم کی خصوصی کاوشوں سے ضلع لوئر چترال کے 24 نشے کے عادی افراد/ غازیوں , کو ان کی مکمل بحالی اور علاج کے مقصد کے تحت پشاور سیو لائف فاؤنڈیشن کے مستند بحالی مرکز منتقل کیا گیا تھا۔
بحالی مرکز میں دورانِ قیام تمام افراد کو طبی علاج، نفسیاتی معاونت، سماجی مشاورت اور پیشہ ورانہ ہنر مندی کی تربیت فراہم کی گئی، تاکہ وہ صحت یابی کے بعد باوقار اور بااعتماد زندگی کا نیا آغاز کر سکیں۔
تمام بحالی / علاج کے مراحل کی تکمیل کے بعد، یہ غازی بحفاظت چترال واپس پہنچ گئے۔
ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ یہ اقدام نشے کے خلاف جاری جدوجہد میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔
منشیات کے عادی افراد معاشرے کا وہ طبقہ ہیں جنہیں نفرت یا تنہائی نہیں بلکہ محبت، رہنمائی اور مستقل تعاون کی ضرورت ہوتی ہے۔ منشیات کے خاتمے کے لیے ضلعی سطح پر جامع اور مؤثر اقدامات جاری رہینگے۔



