تازہ ترین
شہید ڈی سی اسامہ وڑائچ اور پی آئی اے طیارہ حادثے کے شہداء کی برسی کے موقع پر تقریب کا انعقاد

چترال(نامہ نگار)شہید ڈپٹی کمشنر اسامہ احمد وڑائچ اور پی آئی اے طیارہ حادثہ 2016 کے شہداء کی برسی کے سلسلے میں اسامہ وڑائچ پارک میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا آغاز یادگارِ شہداء پر حاضری سے کیا گیا، جہاں چترال لیویز کے چاق و چوبند دستے نے یادگارِ شہداء کو سلامی پیش کی۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ریاض احمد، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر عیسیٰ محمد خان، مختلف لائن ڈیپارٹمنٹس کے افسران، لیویز فورس کے افسران اور جوانوں نے شرکت کی۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر کی جانب سے بھی یادگارِ شہداء پر پھولوں کے گلدستے رکھے گئے۔
تقریب میں شہداء کے بلند درجات، مغفرت اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی خصوصی دعا کا اہتمام کیا گیا۔ شرکاء نے شہید ڈپٹی کمشنر کی خدمات، دیانت، فرض شناسی اور عوامی خدمت کے جذبے کو خراجِ تحسین پیش کیا اور ان کی گرانقدر کاوشوں کو سراہا۔
اس موقع پر پی آئی اے طیارہ حادثے کے دیگر شہداء کو بھی عقیدت سے یاد کیا گیا اور ان کے لواحقین کے ساتھ دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔



