تازہ ترین

ڈسٹرکٹ پولیس چترال اپر کے فرض شناس اور نرم خُو آفیسر ڈی ایس پی شیر راجہ کے اعزاز میں پولیس لائن اپر میں الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

اپر چترال پولیس کے انتہائی دیانت دار، فرض شناس اور نرم خو آفیسر ڈی ایس پی شیر راجہ اپنے عہدے سے سبکدوش ہو گئے۔ ان کی خدمات کے اعتراف میں پولیس لائنز چترال اپر میں ایک شاندار تقریب اور عشائیے کا اہتمام کیا گیا۔تقریب میں عدلیہ کے ججز صاحبان، ڈپٹی کمشنر اپر چترال، ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ افسران، محکمہ صحت کے افسران، ایس پی انویسٹی گیشن، صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن، پراسیکیوشن کے افسران، پولیس ڈیپارٹمنٹ کے اعلیٰ حکام، میڈیا کے نمائندگان، ٹریڈ یونین کے نمائندے اور علاقے کے معززین نے شرکت کی۔ضلعی پولیس سربراہ اپر چترال حمید اللہ PSP نے ریٹائر ہونے والے ڈی ایس پی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈی ایس پی شیر راجہ نے اپنی زندگی کے 39 قیمتی سال پولیس ادارے میں رہتے ہوئے عوام کی خدمت میں گزارے، جو کہ قابلِ تحسین ہے۔ اس کے علاوہ ڈپٹی کمشنر اپر محمد عمران خان اور علاقے کے معززین نے بھی ریٹائرڈ افسر کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔تقریب کے اختتام پر ضلعی پولیس سربراہ حمید اللہ PSP اور مہمانانِ گرامی نے ڈی ایس پی شیر راجہ کو چترالی روایات کے مطابق چوغہ پہنایا اور تحائف پیش کیے۔ اس کے علاوہ دیگر افسران اور جوانوں نے بھی ڈی ایس پی شیر راجہ کو ہار پہنائے اور تحائف پیش کیے۔ڈی ایس پی شیر راجہ نے پولیس فورس میں 39 سال خدمات انجام دیں۔ اپنی دیانت، فرض شناسی، نرم خوئی اور معاملہ فہمی کے باعث ہمیشہ ساتھیوں کے دل جیتے۔ وہ ایک تجربہ کار اور فرض شناس پولیس افسر کے طور پر جانے جاتے تھے اور اپنی سروس کے دوران متعدد اہم عہدوں پر فائز رہ کر عوامی خدمت کو اپنا مشن بنائے رکھا۔آپ نے 2015ء میں انسپکٹر کے عہدے پر ترقی حاصل کی اور ایس ایچ او سیدو شریف سوات، انچارج انوسٹی گیشن آفیسر دیر اپر، مینگورہ، کبل اور چترال سٹی کے اہم عہدوں پر خدمات سرانجام دیں۔بعد ازاں آپ کی خدمات ٹورزم پولیس کے سپرد کی گئیں جہاں آپ نے سیاحوں کے ساتھ مثالی رویہ اپنایا۔ ملکی و غیر ملکی سیاحوں اور اداروں کی جانب سے آپ کو غیر معمولی پذیرائی ملی۔ 2023ء میں آپ کو ڈی ایس پی کے عہدے پر ترقی دی گئی اور آپ نے ٹورزم پولیس میں خدمات کا تسلسل برقرار رکھا۔ تفتیشی امور میں وسیع تجربے کی بنیاد پر آپ کو ڈی ایس پی انویسٹی گیشن چترال لوئر تعینات کیا گیا۔بعد ازاں 11 اپریل 2025ء کو آپ کی خدمات چترال اپر منتقل کی گئیں، جہاں آپ نے بطور ایس ڈی پی او سرکل مستوج اپنی خدمات بلا تفریق انجام دیں اور انصاف کی فراہمی میں بھرپور کردار ادا کیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button