تازہ ترینگلگت بلتستان

شدید موسمی حالات اور سیاسی جماعتوں کی درخواستوں کو مدنظر رکھتے ہوئے گلگت بلتستان اسمبلی اور بلدیاتی انتخابات کے شیڈول میں تاخیر کی گئی ہے راجہ شہباز خان

گلگت (نامہ نگار)چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان، راجہ شہباز خان (تمغہ شجاعت)نے کہا ہے کہ انتخابات اپریل ،مئی سے آگے نہیں جائیں گے،جنرل و بلدیاتی انتخابات پارٹی بنیادوں پر منعقد ہوں گے۔ الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ گلگت میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ گلگت بلتستان بھر میں انتخابی فہرستوں میں ووٹروں کے اندراج اور کوائف کی درستگی کے لیے ڈسپلے سینٹرز قائم کر دیے گئے ہیں، جہاں عوام اس ماہ کے اختتام تک اپنے کوائف کی تصدیق و ترمیم کروا سکتے ہیں۔ راجہ شہباز خان نے کہا کہ شدید موسمی حالات اور سیاسی جماعتوں کی درخواستوں کو مدنظر رکھتے ہوئے گلگت بلتستان اسمبلی اور بلدیاتی انتخابات کے شیڈول میں تاخیر کی گئی ہے۔انہوں نے وضاحت کی کہ جلد ہی نیا انتخابی شیڈول عوام کے سامنے پیش کر دیا جائے گا۔ چیف الیکشن کمشنر نے اس بات پر زور دیا کہ گلگت بلتستان الیکشن کمیشن بلدیاتی انتخابات کرانے کا مکمل آئینی و قانونی اختیار رکھتا ہے۔ان کا کہنا تھابعض عناصر اس حوالے سے بلاجواز غلط فہمیاں پھیلا رہے ہیں۔ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے باقاعدہ قانون موجود ہے اور یہ انتخابات ہر صورت کرائے جائیں گے۔الیکشن کمیشن نے صاف اور شفاف انتخابات کا عزم کررکھا ہے اور صاف،شفاف اور غیرجانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ راجہ شہباز خان نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کو بلدیاتی سطح پر 21 سالوں سے جس نمائندگی سے محروم رکھا گیا ہے، وہ حق نمائندگی ہر حال میں دیا جائے گا۔ یاد رہے کہ گلگت بلتستان میں بلدیاتی انتخابات طویل عرصے سے موخر چلے آ رہے ہیں، جس کی وجہ سے مقامی حکومتوں کے نظام کو تقویت نہیں مل پا رہی۔ چیف الیکشن کمشنر کے اس اعلان سے انتخابی عمل کے جلد از جلد مکمل ہونے کی امید پیدا ہوئی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button