ٹی ایم او چترال کا ہنگامی اجلاس: برف باری کے پیشِ نظر الرٹ جاری، عملے کی چھٹیاں منسوخ

چترال (نمائندہ ڈیلی چترال) تحصیل میونسپل آفیسر (TMO) چترال نے حالیہ برف باری اور آئندہ کی موسمی صورتحال کے پیشِ نظر تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن (TMA) کے مختلف شعبوں کے ساتھ اہم مشاورتی اجلاس منعقد کیے۔ ان ملاقاتوں کا مقصد شہر میں جاری امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لینا اور عوامی سہولیات کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانا تھا۔
ٹی ایم او چترال نے ایمرجنسی رسپانس ٹیم کے ساتھ خصوصی نشست کی جس میں برف ہٹانے کے جاری آپریشنز (Snow Clearance) کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں طے پایا کہ تمام متعلقہ عملے کی چھٹیاں فوری طور پر منسوخ کر دی گئی ہیں۔
تمام ملازمین کو 24/7 ڈیوٹی پر موجود رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ردِعمل دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
فائر بریگیڈ اسٹاف کے ساتھ منعقدہ اجلاس میں جاری ریسکیو آپریشنز کا معائنہ کیا گیا۔ ٹی ایم او نے مستقبل کی ضروریات اور موجودہ وسائل میں کمی (Gaps) کی نشاندہی کی تاکہ کسی بھی بڑے حادثے کی صورت میں ریسکیو ٹیمیں مکمل طور پر لیس ہوں۔
برف باری کے بعد پیدا ہونے والے پانی کے مسائل پر قابو پانے کے لیے واٹر سپلائی یونٹ کو سخت ہدایات جاری کی گئیں۔
عوام کو پینے کے صاف پانی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کا حکم دیا گیا۔
سخت سردی اور برف باری سے متاثرہ پائپ لائنز اور لیکجز کو فوری طور پر درست کرنے کی ہدایات دی گئیں تاکہ پانی کا زیاں نہ ہو۔
تحصیل میونسپل آفیسر حیدر ایوب خان ایک پیغام میں کہا کہ "انتظامیہ عوام کی سہولت کے لیے ہر وقت میدان میں موجود ہے۔ ہم اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ شدید موسم کے باوجود شہریوں کو روزمرہ زندگی میں کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔”



