تازہ ترین

چترال سٹی بازار میں غلط پارکنگ اور تجاوزات کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ، ٹریفک پولیس کا الٹی میٹم

​چترال/ ٹریفک وارڈن پولیس لوئر چترال نے سٹی بازار میں بڑھتے ہوئے ٹریفک مسائل اور عوامی شکایات کے پیشِ نظر سخت اقدامات کا اعلان کر دیا ہے۔ عوام، سرکاری و نجی ملازمین اور تاجر برادری کو خبردار کیا گیا ہے کہ سڑک کنارے غیر قانونی پارکنگ اور تجاوزات کے خلاف اب زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔

​ٹریفک پولیس کے مطابق سٹی بازار چترال میں نان کسٹم پیڈ (NCP) گاڑیوں، رکشوں اور ریڑی بانوں کی تعداد میں بے پناہ اضافے سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو رہا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ بائی پاس روڈ پر پرائیویٹ پارکنگ کی سہولت موجود ہونے کے باوجود اکثر دکاندار، سرکاری و نجی ملازمین اور شہری اپنی گاڑیاں سڑک کے کنارے کھڑی کر دیتے ہیں، جس سے نہ صرف ٹریفک جام رہتا ہے بلکہ پیدل چلنے والوں، بالخصوص خواتین اور بزرگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

​ٹریفک وارڈن پولیس نے تمام شہریوں اور کاروباری حضرات کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ ​اپنی گاڑیاں صرف مقررہ پارکنگ مقامات پر ہی کھڑی کریں۔

​بازار کے اندر یا سڑک کے کنارے ‘غلط پارکنگ’ سے مکمل گریز کریں۔

​ترجمان ٹریفک پولیس نے واضح کیا کہ اس وارننگ کے بعد خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف درج ذیل کارروائی عمل میں لائی جائے گی:

​غیر قانونی پارکنگ پر بھاری چالان کیے جائیں گے۔

​غلط جگہ کھڑی گاڑیوں کو لفٹر کے ذریعے اٹھا کر پارکنگ ایریا میں منتقل کر دیا جائے گا۔

​اس کارروائی کے دوران گاڑی کو پہنچنے والے کسی بھی قسم کے نقصان کی ذمہ داری متعلقہ ڈرائیور یا مالک پر ہوگی۔

​ٹریفک پولیس لوئر چترال نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ شہر کی خوبصورتی اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے پولیس کے ساتھ تعاون کریں تاکہ حادثات اور سفری مشکلات سے بچا جا سکے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button