پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کمیٹی کے اجلاس میں پی پی پی فریم ورک کے تحت پشاور میں کچرے کو ایندھن میں تبدیل کرنے کے منصوبے کی تجویز منظور

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کمیٹی کے اجلاس میں پی پی پی فریم ورک کے تحت پشاور میں کچرے کو ایندھن میں تبدیل کرنے کے منصوبے کی تجویز منظور کرتے ہوئے اس سلسلے میں نجی کمپنی کی غیر مطلوبہ تجویز کو شفافیت اور مسابقت کے لیے مارکیٹ میں پیش کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا کہ کچرے کو توانائی میں تبدیل کرنے کا منصوبہ پشاور میں جدید اور پائیدار ویسٹ مینجمنٹ کے نظام کی بنیاد بنے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کچرے کو ایندھن میں تبدیل کرنے کا منصوبہ درآمدی کوئلے پر انحصار کم کرنے، زرمبادلہ کی بچت اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں بھی مدد دے گا۔ یہ منصوبہ نہ صرف ماحول کے لیے مفید بلکہ معیشت کے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہوگا جبکہ کاربن کریڈٹس اور صنعتی استعمال کے ذریعے معیشت کو اضافی فائدہ حاصل ہوگا۔ اجلاس کو منصوبے پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ کچرے سے تیار شدہ ریفیوزڈ ڈیرائیوڈ فیول ( آر ڈی ایف) سیمنٹ صنعت میں کوئلے کے متبادل کے طور پر استعمال ہوگا۔ منصوبے کے تحت پشاور میں شمشتو لینڈ فل سائٹ پر میٹریل ریکوری اور پروسیسنگ فیسلٹیز قائم کی جائیں گی۔ مزید بتایا گیا کہ منصوبہ گرین ہاوس گیسوں کے اخراج میں کمی اور ماحول دوست ویسٹ مینجمنٹ میں معاون ثابت ہوگا جبکہ لینڈ فل سائٹ پر کچرے کے ذخیرے میں کمی اور ماحولیاتی بہتری بھی متوقع ہے۔ شرکاءکو آگاہ کیا گیا کہ صوبائی دارالحکومت پشاور میں منصوبے کی کامیابی کے بعد اسے ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز تک توسیع دی جائے گی۔صوبائی وزیر خزانہ مزمل اسلم ، چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ ، متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کمیٹی کے دیگر ارکان بھی بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شریک ہوئے۔
<><><><><><><>



