ڈی جی کے وی ڈی اے فدا الکریم کا چارج سنبھالنے کے بعد وادی بریر کا دورہ ، مقامی لوگوں کی طرف سے شاندار اور پرتپاک استقبال ، چپان پہنایا گیا۔

چترال ( نیوز) ڈائریکٹر جنرل کالاش ویلیز ڈویلپمنٹ اتھارٹی فدالکریم نے اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ وادی بریر کا دورہ کیا ۔اس موقع پر وادی کے کالاش اور مسلم برادری دونوں نے ان کا شاندار استقبال کیا ۔ کالاش روایتی چپان پہنائے ، اور خوش آمدید کہا ، اس موقع پرمقامی عمائدین کی بڑی تعداد موجود تھی ، ڈی جی نے مقامی عمائدین اور کے وی ڈی اے کے عملے سے ملاقاتیں کیں اور علاقے کے مسائل سنے،
اس موقع پر تحصیل کونسل چترال لوئر کے اقلیتی ممبر انت بیگ نے ڈی جی کے وی ڈی اے کو بریر کے مختلف درپیش مسائل کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بنیادی سہولیات، ترقیاتی کاموں اور عوامی مشکلات پر خصوصی توجہ دلائی۔
ڈی جی کے وی ڈی اے فدا الکریم نے مسائل کو غور سے سنا اور ان کے حل کے لیے فوری اقدامات کی یقین دہانی کروائی۔ انہوں نے کہا کہ وادی بریر کی ترقی اور عوامی فلاح کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔
دورے کے اختتام پر ڈی جی کے وی ڈی اے نے باغبانوں میں بہار کے تحفے کے طور پر خوبانی، ناشپاتی، اخروٹ اور چیری کے پودے بھی تقسیم کیے، جسے مقامی افراد نے سراہا۔



