تازہ ترین

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت سالانہ ترقیاتی پروگرام 2026-27 کی تیاری سے متعلق ایک اہم اجلاس

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت سالانہ ترقیاتی پروگرام 2026-27 کی تیاری سے متعلق ایک اہم اجلاس وزیر اعلیٰ ہاو¿س پشاور میں منعقد ہوا جس میں آئندہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے مختلف پہلووں پر تفصیلی غور و خوص کیا گیا۔وزیر اعلیٰ نے آئندہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں صوبہ بھر میں ماڈل سکولز و کالجز کے قیام کے لیے منصوبہ تجویز کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ عمران خان کے وژن کے مطابق صحت اور تعلیم کے شعبے پہلی ترجیح ہیں اور ان دو شعبوں کے لیے فنڈز ہنگامی بنیادوں پر فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے صوبے کے ذہین طلبہ کے لیے بین الاقوامی اعلیٰ شہرت یافتہ یونیورسٹیوں میں سکالرشپس فراہم کرنے کے لیے بھی اقدامات کی ہدایت کی اور کہا کہ صوبے کے ذہین طلبہ کے بین الاقوامی اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تعلیمی اخراجات خیبرپختونخوا حکومت برداشت کرے گی۔ خیبر پختونخوا کے نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے ،انہیں مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان پر بھرپور سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام 2026-27 صوبے کی ہمہ جہت ترقی کا روڈ میپ ہوگا، جبکہ نئے ترقیاتی منصوبوں میں روزگار کے مواقع، تعلیم، صحت اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو اولین ترجیح دی جائے گی۔اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ آئندہ مالی سال کے دوران 218 ہائی پریارٹی پراجیکٹس مکمل کیے جائیں گے۔ مالی سال 2026-27 کے ترقیاتی پروگرام کے تحت 80 فیصد رقم جاری جبکہ 20 فیصد رقم نئے ترقیاتی منصوبوں کے لیے مختص کی جائے گی۔ مزید بتایا گیا کہ ترقیاتی پروگرام میں مختلف شعبوں میں 39 نئے سگنیچر منصوبے تجویز کیے گئے ہیں۔ اگلے سال کے ترقیاتی پروگرام میں ضم اضلاع کے لیے ایک ہزار ارب روپے کا روشن قبائل پیکج شامل ہے۔ اسی طرح ہیلتھ سٹی کا قیام اور ٹرائیبل میڈیکل کالج کا قیام بھی پروگرام کا حصہ ہوں گے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ورچوئل کلاس رومز، بیگ فری سکولز اور سکولوں میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس کریکولم بھی اگلے ترقیاتی پروگرام میں شامل کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ ٹرائیبل یونیورسٹی اور اپر چترال کے لیے انٹیگریٹڈ ڈویلپمنٹ پیکج بھی اے ڈی پی کا حصہ ہوگا۔مزید برآں پناہ گاہ نیٹ ورک کی توسیع، زمونگ کور نیٹ ورک اور خصوصی بچوں کے لیے سکولوں کا قیام بھی شامل کیا گیا ہے۔ معذور افراد کے لیے خود روزگاری منصوبہ اور خیبر سفاری ٹرین بھی اگلے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں تجویز کیے گئے ہیں۔ مزید آگاہ کیا گیا کہ بی آر ٹی کی ڈویژنل توسیع، سیف سٹیز کی تکمیل اور سائبر سیکیورٹی آپریشن سنٹر کا قیام بھی شامل ہے۔ چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری پلاننگ و ڈویلپمنٹ اسلام زیب اور دیگر اعلیٰ حکام بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button