لوئر چترال میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 47ویں برسی انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔

چترال (ڈیلی چترال نیوز)لوئر چترال میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 47ویں برسی انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔ اس سلسلے میں پاکستان پیپلز پارٹی لوئر چترال کے زیر اہتمام ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس کی صدارت سینئر رہنما شاہ مراد بیگ کررہے تھے ۔جس میں پارٹی رہنماؤں، کارکنوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما شاہ مراد بیگ، جنرل سیکرٹری قاضی محمد فیصل احمد سعید، انفارمیشن سیکرٹری نظار والی شاہ، شہزادہ خالد پرویز، جہانگیر جگر، تحصیل صدر عالم زیب ایڈوکیٹ، محمد افضل ایڈوکیٹ ،نذیر استاد، قاضی وقار، فخر عالم، انیس الدین شاہنوی، ابواللث رامداسی، میر دولہ جان ایڈوکیٹ، محب اللہ ایونی اور دیگر مقررین نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کی قومی، سیاسی اور جمہوری خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔مقررین نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو ایک عظیم قومی رہنما تھے جنہوں نے پاکستان کو متفقہ آئین دیا، ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی اور عوام کو سیاسی شعور دیا۔ انہوں نے کہا کہ بھٹو شہید نے ہمیشہ عوامی حقوق،جمہوریت اور غریب طبقے کی بہتری کے لیے جدوجہد کی اور اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے تاریخ میں ہمیشہ کے لیے امر ہوگئے۔
رہنماؤں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی آج بھی بھٹو شہید کے نظریات پر کاربند ہے اور ملک میں جمہوریت، انصاف اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ بھٹو شہید کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ان کے مشن کو ہر صورت آگے بڑھایا جائے گا۔
تقریب کے اختتام پر شہید ذوالفقار علی بھٹو کے درجات کی بلندی، ملک کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی جبکہ پارٹی کارکنوں نے بھٹو شہید کے مشن کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔






