آیون میں فارمرز ڈے کے تحت موبائل وٹر نری کلینک اور لائیو اسٹاک آگہی پروگرام کا انعقاد
، عوام کی طرف سےلائیو اسٹاک کو ترقی دینے اور بیماریوں کے تدارک کیلئے وٹرنری ایکسٹنشن سے بھر پور فوائد حاصل کرنے کے عزم کا اظہار، بھر پور پذیرائی

چترال ( محکم الدین ) انسانی زندگی کیلئے لائیو اسٹاک کی اہمیت کو اجاگر کرنے ، حیوانات کی بیماریوں سے متعلق معلومات فراہم کرنے اور اس شعبے کو ترقی دے کر زمینداروں کو اپنے پاؤں کھڑا کرنے کے مقصد کے تحت آیون وٹرنری ہسپتال میں موبائل وٹرنری کلینک کا انعقاد کیا گیا ۔ اس موقع پر چیرمین ویلج کونسل آیون ون وجیہ الدین ،سابق منیجر ایس آر ایس پی دیر نور عجب خان اور بڑی تعداد میں علاقائی عمائدین ، زمیندار حضرات اور خاص کر مال مویشیوں اور پولٹری سے وابستہ افراد نے شرکت کی ،
ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو اسٹاک چترال لوئر ڈاکٹر غلام محمد اور ڈاکٹر کلیم اللہ سنئیر ریسرچ آفیسر چترال سے اس پروگرام میں شریک ہوئے ،جبکہ ڈاکٹر سرور حسین سنئیر وٹرنری آفیسر انچارج سول وٹرنری ہسپتال آیون اور ڈاکٹر امداد اللہ وٹر نری آفیسر انچارج موبائل وٹرنری کلینک چترال نے اس پروگرام کو خصوصی طور پر ترتیب دیا تھا ۔
ڈاکٹر سرور حسین سنئیر وٹرنری آفیسر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا ، کہ ہمارے ملک میں 70 فیصد لوگ زراعت سے اور 48 فیصد لوگ لائیو اسٹاک سے وابستہ ہیں ۔ زراعت کی طرح لائیو اسٹاک بھی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے ۔ لیکن افسوس کا مقام ہے ۔ کہ دونوں شعبے نظر انداز کئے جاتے ہیں ۔ تاہم خو ش آیند بات یہ ہے ، کہ عدم توجہ کے باوجود پاکستان پوری دنیا میں دودھ پیدا کرنے والا پانچواں اور گوشت پیدا کرنے والا دسواں ملک ہے ۔ انہوں نے کہا ، کہ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے زراعت اور لائیو اسٹاک شدید متاثر ہوئے ہیں ، ماحولیاتی حدت نے کئی امراض کو جنم دیا ہے ۔ جو پہلے چترال جیسے علاقے میں نہیں پائے جاتے تھے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ ہم غفلت اور لا علمی کی بنیاد پر حیوانات کی نیوٹریشن پر کوئی توجہ نہیں دیتے ، جبکہ ایک مکمل خوراک جس میں مختلف وٹامنز موجود ہوں ، حیوانات کو صحت مند ، فربہ اور دودھ میں خود کفیل بنا سکتے ہیں ، جن پر ہم بالکل بھی توجہ نہیں دیتے ، یوں گھر میں موجود حیوانات سے ہم مکمل فوائد لینے سے محروم رہتے ہیں ،
ڈاکٹر امداد اللہ انچارج موبائل وٹر نری کلینک نے کہا ، کہ حکومت کی طرف سے چترال لوئر میں چار بڑےوٹرنری ہسپتال اور 18 ڈسپنسریز موجود ہیں ، جن میں مجموعی طور پر 122 اسٹاف کام کر رہے ہیں ، ادارے اپنی طرف سے تشخیص کرنے اور مشورہ دینے کیلئے موجود ہیں ۔ تاہم ضرورت اس امر کی ہے ۔ کہ بروقت لائیو اسٹاک کی بیماری کی تشخیص کیلئے ڈاکٹر سے رجوع کیا جائے ۔ انہوں نے کہا ، کہ زمینداروں کو حیوانات کی مختلف بیماریوں کی علامات سے بھی آگاہ ہونے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے مختلف بیماریوں کی علامت پر تفصیل سے روشنی ڈالی ۔ اور ویکسینیشن کی ضرورت پر زور دیا ۔
سنئیر ریسرچ آفیسر ڈاکٹر کلیم اللہ نے کہا ۔ کہ جس طرح انسان کی ضروریات میں روٹی کپڑا مکان کی اہمیت ہے ، بالکل اسی طرح زراعت ، لائیو اسٹاک اور دودھ کی بھی ضرورت ہے ۔ جو لوگ اچھے طریقے سے لائیو اسٹاک کی افزائش کیلئے کام کرتے ہیں ۔ وہ کامیاب رہتے ہیں ۔
مہمان خصوصی ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو اسٹاک ڈاکٹر غلام محمد نے اپنے خطاب میں حیوانات کیلئے کیڑے مار ادویات کے استعمال اور ویکسینیشن پر زور دیا ، اور کہا ، کہ اچھی کوالٹی کے کیڑے مار ادویات استعمال کریں ، اچھی خوراک دیں اور حیوانات سے فوائد حاصل کریں ، انہوں نے کہا ، کہ آیون میں حیوانات کے مصنوعی نسل کشی کے تمام پروگرام چل رہے ہیں، نسل کشی کیلئے بیل والا پروگرام ختم ہو چکا ہے، آیون ایک معروف زرعی علاؤہ ہے ، یہاں جس طرح اچھی فصلوں کیلئے کوشش کی جاتی ہے ، اچھے صحت مند حیوانات پالنے اور ان سے گوشت و دودھ حاصل کرنے کی بھی کو شش کی جانی چاہئیے ۔ اور اس لئے وٹرنری ماہر ڈاکٹروں کے مشوروں پر عمل کیا جائے ۔
اس موقع پر جنرل سیکرٹری آیون پروفیشنل فارمرز کو آپریٹیو آرگنائزیشن ( APFCO) محکم الدین نےاپنے خطاب میں آیون میں لائیو اسٹاک کی ترقی کیلئے لائیو اسٹاک ڈیپارٹمنٹ لوئر چترال اور آیون وٹرنری ہسپتال سے بھر پور تعاون کا یقین دلایا ، اور کہا ، کہ ادارے کے قیام کا مقصد ہی زراعت اور لائیو اسٹاک کی ترقی ہے ، APFCO لائیو اسٹاک ڈیپارٹمنٹ سے قریبی روابط رکھے گا ۔ اور مقامی فارمرز کو فوائد پہنچانے کی بھر پور کوشش کرے گا ،
چیرمین ویلج کونسل آیون ون وجیہ الدین نے آیون میں آگہی پروگرام منعقد کرنےپر ادارے کے آفیسران کا شکریہ ادا کیا ۔ اور کہا ، کہ آیون کے لوگ فارمنگ ، بی کیپنگ اور لائیو اسٹاک میں بہت دلچسپی رکھتے ہیں ، اس لئے اس علاقے کے لوگوں میں جدید زرعی اور لائیو اسٹاک کے بارے میں آگہی پیدا کرنے کیلئے اس قسم کے پروگرامات کی اشد ضرورت ہے ۔ تاکہ جدید معلومات سے لوگوں کو آگاہی حاصل ہو سکے ۔
پروگرام کے اختتام پر سوالات سیشن میں یہ مطالبہ کیا گیا ، کہ آیون میں حیوانات کی نسل کشی کا شدید مسئلہ درپیش ہے ۔ مصنوعی نسل کشی کے طریقے پر بار بار عمل کرنے کے باوجود حیوانات میں حمل نہیں ٹھہرتا۔ اس لئے قدرتی نسل کشی کیلئے ڈیپارٹمنٹ خصوصی بنیاد پر بیل کا انتظام کرے ۔ کمیونٹی بھی ڈیپارٹمنٹ کی معاونت کرے گا ۔ اس سلسلے میں موقع پر ایک متفقہ قرارداد کے ذریعے صوبائی ڈائریکٹر لائیو اسٹاک سے پر زور مطالبہ کیا گیا ، کہ علاقے کی زرعی اہمیت اور حیوانات کی نسل کشی میں درپیش مشکلات کے پیش نظر اسپیشل بنیادوں پر بیل کی منظوری دی جائے ،
بعد آزان ڈپٹی ڈائریکٹر غلام محمد اور دیگر مہمانان نے حیوانات کیلئے زمینداروں میں مفت ادویات بھی تقسیم کئے ،








