تازہ ترین

بوڑیوغ لوٹکوہ کے عمائدین کا AKAH منصوبوں میں بے ضابطگیوں کا الزام، شفاف تحقیقات کا مطالبہ

چترال (نمائندہ خصوصی)بوڑیوغ لوٹکوہ کے عمائدین نے آغا خان ایجنسی فار ہیبی ٹیٹ (AKAH) کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ بے ضابطگیوں، اقربا پروری اور غیر معیاری تعمیرات کے خلاف شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔منگل کے روز چترال پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمائدین بخش علی خان، میرحسن خان، شیر وزیر خان، حیات خان، مفتاح الدین اور رحمت علی نے کہا کہ ادارے میں RPM سمیت دیگر اہم عہدوں پر تعیناتیوں میں میرٹ کو نظر انداز کیا جا رہا ہے اور اقربا پروری (Nepotism) اور جانبداری (Favoritism) کو فروغ دیا جا رہا ہے، جس سے مستحق افراد محروم ہو رہے ہیں۔
انہوں نے الزام لگایا کہ سال 2023 کے دوران خطرناک علاقوں میں شروع کیے گئے منصوبے اور ڈیزاسٹر (Disaster) سے متعلق آگاہی (Awareness) پروگرامز محض نمائشی ثابت ہوئے اور عوام کو حقیقی فائدہ نہ پہنچ سکا۔ ان کا کہنا تھا کہ کئی منصوبے مناسب تکنیکی تحقیق کے بغیر شروع کیے گئے جبکہ ماہرین، خصوصاً جیالوجسٹ (Geologist) کی خدمات بھی حاصل نہیں کی گئیں، جس سے منصوبوں کی پائیداری مشکوک ہو گئی ہے۔
عمائدین نے کہا کہ مختلف علاقوں میں تعمیر کی گئی پروٹیکشن والز (Protection Walls) ناقص میٹریل اور غیر معیاری طریقہ کار سے بنائی گئی ہیں، جو سیلابی ریلوں اور دیگر قدرتی آفات کے سامنے مؤثر ثابت نہیں ہو سکتیں۔ بعض مقامات پر یہ تعمیرات خود مزید خطرات کا سبب بن رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ادارے کو باقاعدہ طریقہ کار (Proper Channel) کے ذریعے دی جانے والی درخواستوں پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی اور شکایات کو نظر انداز کیا گیا۔ ان کے مطابق سال 2024 اور 2025 میں بھی انہی خامیوں کو دہرایا گیا جبکہ بعض منصوبے 2026 تک مکمل نہ ہو سکے، جس سے عوامی اعتماد بری طرح متاثر ہوا ہے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عمائدین نے مطالبہ کیا کہ:
تمام منصوبوں کا آزادانہ اور شفاف آڈٹ کیا جائے
تعیناتیوں میں میرٹ کو یقینی بنایا جائے
اقربا پروری اور بدعنوانی میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے
ماہرین کی نگرانی میں معیاری اور پائیدار منصوبہ بندی کی جائے
متاثرہ علاقوں میں فوری حفاظتی اقدامات کیے جائیں
انہوں نے اعلیٰ حکام، خصوصاً AKAH کی ہائی اتھارٹی سے اپیل کی کہ وہ صورتحال کا فوری نوٹس لے کر ذمہ داران کے خلاف کارروائی کریں اور عوام کو انصاف فراہم کریں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button