تازہ ترین

چترال: عبد الولی خان بائ پاس روڈ خستہ حالی کا شکار، عوام شدید مشکلات سے دوچار

چترال( عبد الغفار سے)چترال شہر میں واقع عبد الولی خان بائ پاس روڈ کی ابتر حالت کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ مذکورہ بائ پاس روڈ شہر کی واحد اہم شاہراہ سمجھی جاتی ہے جس پر ٹریفک کا تمام تر بوجھ ہے، تاہم گزشتہ 14 سے 15 سال کے دوران اس کی مناسب مرمت نہ ہونے کے باعث یہ جگہ جگہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکی ہے۔

مقامی ذرائع کے مطابق گزشتہ سال چترال کے دکانداروں نے اپنی مدد آپ کے تحت سڑک کی عارضی مرمت کی تھی، تاہم وہ بھی زیادہ عرصہ برقرار نہ رہ سکی اور سڑک دوبارہ کھنڈرات کا منظر پیش کرنے لگی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سابقہ حکومت کے دور میں بیوٹیفکیشن کے نام پر کروڑوں روپے مختص کیے گئے تھے، مگر اس اہم شاہراہ کی حالت بہتر نہ بنائی جا سکی۔

عوامی حلقوں نے شکایت کی ہے کہ سڑک پر جگہ جگہ بڑے بڑے گڑھوں کے باعث نہ صرف گاڑیوں کو نقصان پہنچ رہا ہے بلکہ پیدل چلنے والے افراد کو بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ بارش کے دوران ان گڑھوں میں پانی جمع ہو جاتا ہے، جس سے گزرتی ہوئی گاڑیوں کے چھینٹوں سے پیدل چلنے والوں کے کپڑے خراب ہو جاتے ہیں اور انہیں شدید اذیت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

شہریوں کا مزید کہنا ہے کہ ڈرائیور حضرات گڑھوں سے بچنے کے لیے اکثر فٹ پاتھ یا پیدل چلنے والوں کے راستے استعمال کرنے پر مجبور ہو جاتے ہیں، جس سے حادثات کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے۔

عوام نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اس اہم بائ پاس روڈ کی فوری اور مستقل بنیادوں پر مرمت کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو درپیش مسائل کا خاتمہ ہو اور ٹریفک کا نظام بہتر بنایا جا سکے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button