شیشی کوہ میں ناقص کام بے نقاب، برفباری میں بجلی کے کھمبے زمین بوس، عوام برہم، انکوائری کا مطالبہ

چترال (نمائندہ ) شیشی کوہ ویلی میں بجلی کے مین ٹرانسمیشن لائن کے لیے نصب کیے گئے کھمبے پہلی ہی برفباری برداشت نہ کر سکے اور متعدد پول زمین بوس ہو گئے ہیں، جس پر علاقے کے عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ واپڈا کے تحت گزشتہ سال گولین گول پاور ہاؤس سے بجلی کی فراہمی کے لیے شیشی کوہ کے علاقے کھیاری میں ٹرانسمیشن لائن کے کھمبے نصب کیے گئے تھے، تاہم حالیہ برفباری کے دوران یہ کھمبے گر گئے۔ مقامی افراد کے مطابق یہ صورتحال ناقص منصوبہ بندی اور غیر معیاری کام کا واضح ثبوت ہے، کیونکہ یہ کھمبے ایک ہی سیزن بھی برداشت نہ کر سکے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ کئی کھمبے گرنے کے باوجود تاحال کسی متعلقہ ادارے نے ان کی بحالی کے لیے سنجیدہ اقدامات نہیں کیے، جس سے عوامی مشکلات میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔ ان کے مطابق بجلی کی فراہمی شروع ہونے سے پہلے ہی انفراسٹرکچر کا اس طرح ناکارہ ہونا متعلقہ محکموں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔
مقامی لوگوں نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر گرے ہوئے کھمبوں کی بحالی کی جائے تاکہ زرعی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں، جبکہ اس ناقص کام کی شفاف انکوائری بھی کرائی جائے۔ عوام نے خبردار کیا کہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو مستقبل میں یہ کھمبے انسانی جانوں کے لیے بھی خطرہ بن سکتے ہیں۔



