اے این پی کا جلسہ، امن مذاکرات میں کردار پر قیادت کو خراج تحسین، جرنل عاصم منیر کے لیے نوبل انعام کا مطالبہ

چترال/ عوامی نیشنل پارٹی کے زیراہتمام اٹالیق پل پر ایک عظیم الشان جلسہ عام منعقد ہوا، جس میں اسلام آباد میں جاری امن مذاکرات اور ایران و امریکہ کے درمیان جنگ بندی کی کوششوں پر حکومت اور عسکری قیادت کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔جلسہ عام سے اے این پی کے ضلعی صدر حاجی عید الحسین، وجیہہ الدین(جماعت اسلامی)، عبدالولی خان عابد اور نیاز اے نیازی (مسلم لیگ۔ن)، مولانا عبدالاکبر(اہل سنت والجماعت)، مولانا اسرار الدین الہلال(جماعت اسلامی)، ظہیر الدین(صدر پریس کلب)، صفت زرین(مسلم لیگ۔ن)، عنایت اللہ اسیر(سماجی کارکن)، عمران حسین (اے این پی) اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ عالمی امن میں پاکستان کا کردارنہایت اہم ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز (سی ڈی ایف) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نے دنیا کو ایک بڑی تباہی سے بچانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔مقررین نے اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات کو وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی ایک عظیم سفارتی فتح قرار دیا، جس سے عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بلند ہوا ہے۔جلسے کے شرکاء نے متفقہ طور پر مطالبہ کیا کہ انسانیت کی بقا اور عالمی امن کے لیے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی خدمات کے اعتراف میں انہیں نوبل امن انعام سے نوازا جائے۔جلسے کے آخر میں ملک کی سلامتی اور اسلام آباد میں ہونے والے امن مذاکرات کی کامیابی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ جلسے میں کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور حکومت و پاک فوج کے حق میں نعرے لگائے۔



