رومبور وادی کالاش میں سینکڑوں خاندانوں میں ونٹرائزیشن پیکیجز کی تقسیم، آئی او ایم کے تعاون سے مسلم ایڈ کی امدادی سرگرمی، دور افتادہ علاقوں کے مستحقین مستفید

رومبور ( فتح اللہ) وادی کالاش کے دور دراز علاقے رومبور میں انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن (IOM) کے تعاون سے مسلم ایڈ کے زیر اہتمام 214 مستحق خاندانوں میں ونٹرائزیشن پیکیجز تقسیم کیے گئے۔ تقسیم کا عمل مسلم ایڈ کے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر سلیم الدین اور آئی او ایم کے نمائندے محمد عرفان کی نگرانی میں مکمل ہوا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سلیم الدین نے کہا کہ رومبور جیسے دشوار گزار علاقوں تک امداد پہنچانا ایک چیلنج ضرور ہے، تاہم مسلم ایڈ ہمیشہ ان علاقوں کو ترجیح دیتی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ موسم سرما سے قبل امداد کی تقسیم کا ارادہ تھا لیکن موسمی مشکلات کے باعث تاخیر ہوئی، تاہم ادارہ ان علاقوں کو کبھی نظر انداز نہیں کرتا اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے آئی او ایم کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشترکہ کاوشوں سے یہ ممکن ہوا کہ مستحقین تک ریلیف پہنچایا جا سکے۔
اس موقع پر سابق ویلج کونسلر عنایت اللہ شیخ قریشی نے کہا کہ ناقص سڑکوں اور دشوار راستوں کے باوجود امدادی ٹیموں کا یہاں پہنچنا قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم ایڈ اور آئی او ایم نے علاقے کے سینکڑوں خاندانوں کو بروقت ریلیف فراہم کیا، اور تقسیم کا عمل خوشگوار ماحول میں بغیر کسی شکایت کے مکمل ہوا۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی ایسے فلاحی اقدامات جاری رہیں گے تاکہ علاقے کے عوام کو مزید سہولیات میسر آ سکیں۔




