چترال کے وادی کالاش میں چلم جوشی تہوار سے قبل رومبور میں اہم اجلاس، مقامی تھانے میں پولیس، عمائدین اور نمائندہ شخصیات کی مشاورت

چترال ( فتح اللہ) وادی کالاش کے معروف مذہبی تہوار چلم جوشی (Zhoshi) کی تیاریوں کے سلسلے میں وادی رومبور میں سیکیورٹی اور امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے ایک اہم اجلاس مقامی تھانے میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت ڈی ایس پی سرکل آیون و کالاش ویلیز احسان اللہ نے کی، جس میں علاقے کے عمائدین، کالاش مذہبی پیشواؤں، مسلم معتبرات اور دیگر نمائندہ شخصیات نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران آنے والے تہوار کے پیش نظر سیکیورٹی انتظامات، ٹریفک مینجمنٹ اور سیاحوں کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈی ایس پی احسان اللہ نے کہا کہ چلم جوشی کے موقع پر وادی رومبور میں بڑی تعداد میں سیاحوں کی آمد متوقع ہے، اس لیے تمام متعلقہ اداروں اور مقامی کمیونٹیز کے درمیان مؤثر رابطہ ناگزیر ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امن و امان کے قیام میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ مقامی افراد کا تعاون انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔
اجلاس میں چیئرمین ویلج کونسل رومبور سلطان، خاتون کونسلر زرمس گل، کسان کونسلر جاوید احمد، اقلیتی کونسلر نور شالی، مولانا اسحاق، ایس ایچ او تھانہ رومبور عبد الرشید، سابق چیئرمین سیف اللہ جان، سابق کونسلر عبید اللہ قریشی، عنایت اللہ شیخ قریشی، دوردن صوبیدار، گل فیروز اور برزنگی کاش سمیت دیگر عمائدین اور نمائندہ شخصیات نے شرکت کی۔
شرکاء نے سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ تہوار کے دوران امن، رواداری اور بھائی چارے کی فضا کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔ اس موقع پر بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے اور علاقے کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے پر بھی زور دیا گیا۔
اجلاس کے اختتام پر فیصلہ کیا گیا کہ چلم جوشی تہوار کے دوران رومبور میں فول پروف سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا، جبکہ سیاحوں کی رہنمائی اور سہولت کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے تاکہ یہ اہم مذہبی و ثقافتی تہوار پُرامن اور منظم انداز میں اختتام پذیر ہو سکے۔






