وادی رومبور میں بارش کے بعد سڑک بند، زوشی تہوار سے قبل آمدورفت مکمل طور پر معطل

رومبور ( فتح اللہ) وادی رومبور میں گزشتہ روز ہونے والی موسلادھار بارش کے بعد مختلف مقامات پر برساتی نالوں میں طغیانی آ گئی، جس کے نتیجے میں پتھر، مٹی اور ملبہ مرکزی سڑک پر جمع ہو گیا اور روڈ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند ہو گئی۔ بارش رکنے کے باوجود کئی مقامات پر سڑک تاحال متاثر ہے جبکہ آمدورفت معطل ہونے سے مقامی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
سڑک بند ہونے کے باعث مریضوں کو ہسپتال منتقل کرنے میں بھی دشواری پیش آ رہی ہے، جبکہ علاقہ مکین اپنی مدد آپ کے تحت سڑک سے ملبہ ہٹانے میں مصروف ہیں تاکہ ٹریفک بحال کی جا سکے۔
دوسری جانب وادی کالاش کا عالمی شہرت یافتہ مذہبی و ثقافتی تہوار “زوشی” قریب ہونے کے باعث مقامی لوگ خریداری کے لیے چترال شہر جا رہے تھے، تاہم روڈ بند ہونے سے شہریوں، تاجروں اور مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
وادی میں اس وقت ملکی و غیر ملکی سیاح بھی موجود ہیں جبکہ مزید سیاحوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث صورتحال مزید اہمیت اختیار کر گئی ہے۔ علاقہ مکینوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر بھاری مشینری متاثرہ علاقوں میں بھیجی جائے تاکہ سڑک کو جلد از جلد بحال کر کے عوام کو مشکلات سے نکالا جا سکے۔




