پری شندور پولو ٹورنامنٹ 2026 کا لوئر چترال میں شاندار اور پُروقار آغاز

چترال (نمائندہ) پری شندور پولو ٹورنامنٹ 2026 کا لوئر چترال میں شاندار اور پُروقار آغاز ہوگیا۔ افتتاحی تقریب میں ڈپٹی کمشنر لوئر چترال راؤ ہاشم عظیم، کمانڈنٹ سی ٹی ایف کرنل ارسلان اور ڈی پی او لوئر چترال رفعت اللہ خان نے خصوصی شرکت کی اور باقاعدہ طور پر میچ کا افتتاح کیا۔
ٹورنامنٹ میں لوئر اور اپر چترال کی مختلف63 ٹیمیں بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ حصہ لے رہی ہیں جبکہ بڑی تعداد میں ملکی و غیر ملکی سیاح بھی اس روایتی اور دلچسپ کھیل سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ میدان میں کھلاڑیوں کے شاندار کھیل نے شائقین سے خوب داد وصول کی۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معزز افسران نے ایونٹ کو کامیاب بنانے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ ایسے ثقافتی و کھیلوں کے پروگرام نہ صرف علاقے کے مثبت تشخص کو اجاگر کرتے ہیں بلکہ سیاحت کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چترال کا روایتی کھیل پولو علاقے کی ثقافت، بھائی چارے اور روایات کا آئینہ دار ہے۔
پری شندور پولو ٹورنامنٹ 2026 چترال کی ثقافتی روایات، کھیلوں کے جذبے اور عوامی دلچسپی کی خوبصورت عکاسی کر رہا ہے، جس سے علاقے میں سیاحتی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملنے کی توقع ہے۔







