تازہ ترین

شندور فیسٹیول 2026 کی تیاریوں کے سلسلے میں آئی جی ایف سی نارتھ کی زیرِ صدارت ایک اہم اجلاس منعقد

چترال (نمائندہ خصوصی) شندور فیسٹیول 2026 کی تیاریوں کے سلسلے میں آئی جی ایف سی نارتھ کی زیرِ صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں جشن شندور کے انعقاد سے متعلق انتظامات، سیکیورٹی اور دیگر امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اپر چترال معظم خان بنگش نے اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر اپر چترال اور ایس پی انویسٹیگیشن اپر چترال کے ہمراہ بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔
اجلاس کے دوران جشن شندور 2026 کے انعقاد کے حوالے سے اب تک ہونے والی پیش رفت، انتظامی اقدامات اور مختلف اداروں کی تیاریوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ضلعی انتظامیہ اپر چترال کی جانب سے شرکاء کو جاری انتظامات، سیاحوں کی سہولیات، ٹریفک مینجمنٹ، رہائش، صفائی اور سیکیورٹی سے متعلق اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔
آئی جی ایف سی نارتھ نے اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا کہ شندور فیسٹیول کو گزشتہ برسوں کی طرح اس سال بھی ضلعی انتظامیہ اپر چترال، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر متعلقہ محکموں کے تعاون سے بھرپور، منظم اور کامیاب انداز میں منعقد کیا جائے گا۔
انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ فیسٹیول میں شرکت کے لیے آنے والے ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ شندور فیسٹیول خطے کی ثقافت، سیاحت اور روایتی کھیل پولو کے فروغ کا بہترین ذریعہ ثابت ہو۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button