تازہ ترین

گورنمنٹ ہائی سکول کوشٹ میں نوجوانوں کے لیے یوتھ آگاہی و رہنمائی سیشن کا انعقاد

چترال (پورٹ: شہزاد احمد)ضلعی انتظامیہ اپر چترال اور محکمہ امورِ نوجوانان اپر چترال کے زیرِ اہتمام گورنمنٹ ہائی سکول کوشٹ میں نوجوانوں کے لیے ایک بامقصد یوتھ آگاہی و رہنمائی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ سیشن کا مقصد نوجوانوں میں خود اعتمادی کو فروغ دینا، ذہنی صحت کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا اور انہیں معاشرے میں مثبت اور تعمیری کردار ادا کرنے کی ترغیب دینا تھا۔

پروگرام کی صدارت پرنسپل گورنمنٹ ہائی سکول کوشٹ سیف اللہ نے کی جبکہ ڈگری کالج بونی کے لیکچرار احتشام الدین نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر اساتذہ، طلبہ و طالبات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔

مقررین نے نوجوانوں کی کردار سازی، تعلیمی و سماجی ترقی اور ذہنی صحت کی اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ شرکاء کو درپیش چیلنجز، ان کے حل اور مستقبل میں دستیاب مواقع کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ نوجوان کسی بھی قوم کا قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں اور ان کی مثبت رہنمائی ہی ایک روشن اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد بنتی ہے۔

اس موقع پر گورنمنٹ ہائی سکول کوشٹ کے ممتاز اور باصلاحیت استاد نورالصبا بھی موجود تھے، جو اپنی تدریسی صلاحیتوں، خوش اخلاقی اور طلبہ کی بہترین رہنمائی کے حوالے سے علاقے میں ایک منفرد مقام رکھتے ہیں۔ انہوں نے پروگرام کے اختتام پر مہمانوں، مقررین اور شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس نوعیت کی سرگرمیوں کو نوجوان نسل کی فکری اور عملی تربیت کے لیے نہایت اہم قرار دیا۔

محکمہ امورِ نوجوانان اپر چترال کے نمائندہ انیس الرحمن بھی اس موقع پر موجود تھے۔ شرکاء نے نوجوانوں کی فلاح و بہبود اور مثبت رہنمائی کے لیے ان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اس کامیاب اور بامقصد پروگرام کے انعقاد پر ان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ انیس الرحمن کی فعال کوششوں اور محکمہ امورِ نوجوانان کی سرپرستی سے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور مثبت سرگرمیوں میں حصہ لینے کے مزید مواقع میسر آ رہے ہیں۔

پروگرام کے اختتام پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات میں شیلڈز تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر طلبہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ایسے پروگراموں کو نوجوانوں کی شخصیت سازی اور اعتماد میں اضافے کے لیے انتہائی مفید قرار دیا۔

شرکاء نے اس امید کا اظہار کیا کہ محکمہ امورِ نوجوانان اپر چترال مستقبل میں بھی نوجوانوں کی فلاح و بہبود، مثبت رہنمائی اور صلاحیتوں کے فروغ کے لیے اس نوعیت کے مزید آگاہی اور تربیتی پروگراموں کا انعقاد جاری رکھے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button