مرکزی نجمن ترقی کھوار چترال کے نو منتخب کابینہ کی تقریب حلف وفاداری مقامی ٹاؤن ہال میں منعقد

چترال (نمائندہ )مرکزی انجمن ترقی کھوار چترال کے نو منتخب کابینہ کی تقریب حلف وفاداری ہفتے کے روز مقامی ٹاؤن ہال میں منعقد ہو اجس میں پشاور یونیورسٹی کے شعبہ جعرافیہ کے سابق چیرمین اور معروف ادیب پروفیسر اسرار الدین نے عہدیداروں سے حلف لیا جن میں عبدالولی خان عابد ایڈوکیٹ صدر، عنایت اللہ اسیر اور فخر الدین نائب صدور، صالح ولی آزاد جنرل سیکرٹری، شان الحق حقی ، سیدالرحمن سیدی فنانس سیکرٹری ن انصار الٰہی نعمانی اور انفارمیشن سیکرٹری سرور سرور شامل ہیں۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں پروفیسر اسرار الدین نے کہاکہ انجمن ترقی کھوار ایک انجمن ہی نہیں بلکہ ایک ورثہ ہے جس کی بنیاد 1956ء میں شہزادہ حسام الملک نے رکھی تھی اور اسے بین الاقوامی طور پر پہچان ملی ہے جس کے زیر اہتمام تین مرتبہ انتہائی کامیاب انٹرنیشنل ہندوکش کلچرل کانفرنسز منعقد ہوئے۔ انہوں نے کہاکہ انجمن نے اپنی قیام کی 70سال پورا کردی ہے اور اس ہمیں اس کی 75سالہ تقریبات کے لئے تیاری شروع کرنی چاہئے۔انہوں نے فارغ ہونے والے صدر شہزادہ تنویر الملک کی خدمات کو سراہا جبکہ نومنتخب صدر عبدالولی خان اور ان کی ٹیم کے لئے نیک خواہشوں کا اظہار کیا۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں عبدالولی خان عابد ایڈوکیٹ نے انجمن ترقی کھوار کے دستور وآئین کی پاسدار ی کرتے ہوئے کھوار ادب کو ترقی دینے کا عہدکیا اور کہاکہ انجمن عظیم شخصیات شہزادہ حسام الملک، غلام عمر اور ڈاکٹر فیضی جیسے ہستیوں کے ہاتھوں پھلنے پھولنے کے بعد اب ایک تناور درخت بن چکا ہے جس میں انجمن کے بے لوث خدمت گاروں کا ہاتھ ہے۔ انہوں نے کہاکہ کھوار شعراء کے کلام کو زیور طبع سے آراستہ کرنے کا خصوصی اہتمام کیا جائے گا۔ بعدازاں شہزادہ تنویرالملک کی صدارت میں ایک محفل مشاعرہ منعقد ہوا جس میں تازہ کلام پیش کرنے والوں میں پروفیسر اسرار الدین کے علاوہ افضل اللہ، معیز الدین بہرام، ظفر اللہ پرواز، سعادت مخفی، جنا ح الدین پروانہ، نوراللہ ساگر، شربڑانگ گداز، سید کایناتی، عنایت اللہ اسیر، شریف عروج، محبو ب حسین، الطاف حسین خیاب، میر جہاندار شاہ، سید نذیر حسین شاہ، سید الرحمن سیدی، عنایت الرحمن عنایت، فداء الرحمن فدا، انضمام انزی، حضرت نبی ساقی اور امیر الدین شامل ہیں۔ مشاعرے پر اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے معروف ماہر تعلیم ڈاکٹر میر بائض خان نے شعرا ء کے کلام میں امن اور محبت وبھائی چارہ کے خیالات کو پروان چڑہانے کی کوشش کو سراہا۔ شہزادہ تنویر الملک نے نومنتخب کابینہ کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے اپنی طرف سے یقین دہانی کرائی کہ وہ نئی قیادت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں گے۔ انجمن ترقی کھوار کے سرپراست اعلیٰ محمد عرفان عرفان بھی اس موقع پر موجود تھے۔











