تحریک انصاف کو ضلعی انتظامیہ کی طرف سے مقامی ٹاؤن ہال میں کارکنان کا اجلاس منعقد کرنے کی اجازت نہ ملنے پر پارٹی کارکنوں نے دو گھنٹوں تک کچہری روڈ کو احتجاج کے طور پر بند کئے

چترال (نمائندہ ) صوبے میں حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کو ضلعی انتظامیہ کی طرف سے مقامی ٹاؤن ہال میں کارکنان کا اجلاس منعقد کرنے کی اجازت نہ ملنے پر پارٹی کارکنوں نے دو گھنٹوں تک کچہری روڈ کو احتجاج کے طور پر بند کئے رکھاجن کی قیادت پارٹی کے ضلعی جنرل سیکرٹری سید فریدجان، تحصیل چترال کے صدر شاہد احمد اور سینئر رہنما حیات الرحمن، نذیر احمدکررہے تھے۔ بعدازاں پارٹی کارکنوں سے مشاورت کے بعد سید فرید جان اور شاہد احمد نے پیر 3اگست کو ٹاؤن ہال میں بغیر کسی این او سی یا اجازت نامہ کے اجلاس منعقد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ کوئی مائی کا لعل انہیں نہیں روک سکے گا۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ٹاؤن ہال ایک عوامی جگہ ہے جہاں ماضی میں ہر حکمران جماعت نے پارٹی میٹنگ منعقد کرتے رہے ہیں جبکہ آج کی اجلاس کے لئے انہوں نے ڈی سی اور اے سی کو تحریری درخواست دینے اور ان کی طرف سے مثبت جواب ملنے کے باوجود پولیس کی طرف سے کاروائی کرنے اور ٹاؤن ہال کا دروازہ بند کرنے کو سمجھ سے بالا تر قرار دیا اور کہاکہ اس اجلاس میں پارٹی کارکن 5اگست کے احتجاج کے سلسلے میں صلح مشور ے کررہے تھے۔ بعدازاں سڑک کو ٹریفک کے لئے کھول دیا گیااور کارکن پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔



