تازہ ترین

چترال فٹبال لیگ کا آغاز 29 اگست سے، ملک کی بہترین ٹیمیں میدان میں اتریں گی

چترال (نامہ نگار۔) چترال میں منعقد ہونے والے ملکی سطح کے بڑے اور شاندار کھیلوں کے ایونٹ چترال فٹبال لیگ (CFL) کے سیزن کا آغاز 29 اگست کو کرنل مراد اسٹیڈیم دروش میں ہوگا، جس میں ملک کی نامور فٹبال ٹیمیں ایکشن میں نظر آئیں گی۔

چترال فٹبال لیگ کا انعقاد آئیڈیل فٹبال کلب دروش کے زیر اہتمام چترال سکاؤٹس کے تعاون سے کیا جا رہا ہے، جبکہ لیگ کے انعقاد میں ضلعی انتظامیہ لوئر چترال، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفس، چترال پولیس اور ڈسٹرکٹ فٹبال ایسوسی ایشن کا بھی تعاون حاصل ہے۔

لیگ انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق رواں سال لیگ کے آغاز کے لیے پہلے 25 اگست کی تاریخ مقرر کی گئی تھی، تاہم 12 ربیع الاول کے باعث تاریخ میں تبدیلی کرتے ہوئے اب لیگ کا باقاعدہ آغاز 29 اگست سے کیا جائے گا۔

انتظامیہ کے مطابق اس سال چترال فٹبال لیگ میں ملک کی بہترین اور معروف فٹبال ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں، جن میں دفاعی چیمپئن کے آر ایل (KRL)، پاکستان آرمی، پاکستان نیوی، خیبر پختونخوا پولیس، گوجرانوالہ واپڈا اور این ایل آئی رجمنٹ کے علاوہ واپڈا ہائیڈرو ہاؤسنگ سوسائٹی کوہاٹ کی ٹیم بھی شامل ہے۔

لیگ میں چترال کی نمائندگی کرنے والی مقامی ٹیموں میں چترال مارخور، ون مائنڈڈ ایف سی لوٹکوہ، ایون ایف سی ، ہیڈ کوارٹر جغور اور آئیڈیل ایف سی دروش شامل ہیں، جو ملک کی معروف ٹیموں کے مدمقابل اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گی۔

لیگ انتظامیہ نے امید ظاہر کی ہے کہ رواں سیزن بھی شائقینِ فٹبال کے لیے سنسنی خیز اور یادگار ثابت ہوگا اور چترال فٹبال لیگ کے ذریعے ملک بھر کے بہترین کھلاڑیوں کو ایک پلیٹ فارم پر کھیلنے کا موقع ملنے کے ساتھ ساتھ چترال میں فٹبال کے فروغ کو مزید تقویت ملے گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button