موسم مزید خراب ہونے سے قبل بروغل کے عوام کو گندم سپلائی مکمل کی جائے، اہلیان علاقہ

چترال(محکم الدین) اپر چترال کے انتہائی دور افتادہ علاقہ بروغل کے لوگوں نے ڈی ایف سی اپر چترال سے پر زور مطالبہ کیا ہے کہ بروغل میں مزید برفباری سے قبل لوگوں کو خوراک کی قلت سے بچانے کیلئے فوری طور پر گرین گودام بروغل میں موجود گندم کے ڈپو کا انعقاد کیا جائے تاکہ لوگ بروقت پسائی کرکے آٹا اپنے پاس اسٹاک کر سکیں ، اور مزید برفباری کے نتیجے میں پن چکیاں جم جانے کی صورت میں آٹے کا بحران پیدا نہ ہو ۔
ذرائع نے بروغل سے ٹیلیفون پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ بروغل میں برف پڑ چکی ہے ، اس کے باوجود مقامی پن چکیاں کام کر رہی ہیں ، اگر ڈی ایف سی اپر چترال گرین گودام میں موجود گندم بروقت بروغل کے لوگوں کو قیمتاً فراہم کرے تو وہ موقع سے فایدہ اٹھا تے ہوئے پن چکیوں میں پیس کر محفوظ کریں گے ، انہیں برفباری اور سردی کے نتیجے میں پن چکیوں کے بند ہونے کا خطرہ نہیں رہے گا ۔
واضح رہے ، کہ بروغل وادی سطح سمندر سے 14 ہزار فٹ کی بلندی پر واقع ہے جس کی سرحد افغانستان کے واخان سے جا ملتا ہے اور سردیوں میں یہاں 3سے 5 فٹ برف میں لوگوں کو زندگی گزارنا پڑتا ہے اس لئے یہ لوگ زیادہ برفباری سے قبل اپنی خوراک ، ایندھن وغیرہ اسٹاک کر لیتے ہیں ۔



