تازہ ترین

صوبائی حکومت نے اب تک 1100ڈاکٹرز،1100ٹیکنیشنز،900نرسز اور600پیرا میڈکس بھرتی کئے ہیں جبکہ2700مزید ڈاکٹرز بھرتی کئے جا رہے ہیں۔وزیرصحت شہرام خان تراکئی

پشاور(نامہ نگار)خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر برائے صحت شہرام خان تراکئی نے صوبے کے مستحق لوگوں کو علاج معالجے کی مفت سہولیات کی فراہمی کے لئے شروع کردہ ہیلتھ انشورنس سکیم ’’صحت سہولت پروگرام‘‘ کو موجودہ صوبائی حکومت کا ایک انقلابی قدم اور ایک عوام دوست منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ منصوبہ صوبے کے عوام کیلئے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا ایک عظیم تحفہ ہے جس کا براہ راست فائدہ صوبے کے غریب عوام کو پہنچے گا۔اس پروگرام سے نہ صرف صوبے کی آدھی آبادی کو علاج معالجے کی مفت سہولیات فراہم ہو سکیں گی بلکہ صوبے میں غربت کی شرح میں بھی خاطر خواہ کمی لائی جا سکے گی۔خیبر پختونخوا حکومت کا یہ عوامی منصوبہ دوسرے صوبوں کی حکومتوں کے لئے ایک قابل تقلید قدم ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز پشاور میں ہیلتھ انشورنس سکیم’’صحت سہولت پروگرام‘‘ کے دوسرے مرحلے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس پروگرام کا دائرہ صوبے کے چار اضلاع سے بڑھاکر پورے صوبے تک بڑھا دیا گیا ہے اس پروگرام کے تحت صوبے کے اٹھارہ لاکھ خاندانوں کو صحت انصاف کارڈ کے نام سے ہیلتھ انشورنس کارڈزجاری کئے جائیں گے جس کے ذریعے صوبے کے ڈیڑھ کروڑ مستحق افراد نامزد کردہ ہسپتالوں سے علاج معالجے کی مفت سہولیات حاصل کر سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخواکی موجودہ حکومت پہلی حکومت ہے جو اپنی پچاس فیصد آبادی کو ہیلتھ انشورنس کی سہولت فراہم کر رہی ہے جو صوبے میں ایک اہم اور تاریخی تبدیلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔پروگرام کے دوسرے مرحلے کو ممکن بنانے پر محکمہ صحت کے حکام کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ ان کی انتھک کوششوں کے بغیر یہ کام ناممکن تھا۔شہرام تراکئی نے کہا کہ صوبے میں صحت کے نظام کو مضبوط کرنے اور اسے صحیح سمت چلانے میں اگرچہ بہت مشکلات درپیش ہیں لیکن صوبائی حکومت اس نظام کو ٹھیک کرنے اور اسے عوامی توقعات و ضرویات کے عین مطابق بنانے کے لئے نہ صرف پرعزم ہے بلکہ اس کے لئے نتیجہ خیز اقدامات بھی کر رہی ہے۔صوبے میں صحت کے نظام کو بگاڑنے میں پچھلی تمام حکومتوں کا برابر کا کردار ہے یہ چھ دہائیوں کا بگڑا ہوانظا م ہے جسے ٹھیک کرنے میں وقت لگے گالیکن ہم نے دن رات محنت کر کے اب سے صحیح ٹریک پر ڈال دیا ہے۔صحت کے شعبے میں اپنی حکومت کے اقدامات کا تذکرہ کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت نے اب تک 1100ڈاکٹرز،1100ٹیکنیشنز،900نرسز اور600پیرا میڈکس بھرتی کئے ہیں جبکہ2700مزید ڈاکٹرز بھرتی کئے جا رہے ہیں تاکہ صوبے کے دور افتادہ علاقوں میں عملے کی کمی پوری کر کے وہاں لوگوں کو علاج معالجے کی ہمہ وقت فراہمی یقینی بنایاجاسکے۔ڈاکٹروں او ردیگر طبی عملے کی تنخواہیں 200فیصد تک بڑھائی گئی ہیں تاکہ وہ دلجمعی کے ساتھ لوگوں کو خدمات فراہم کریں۔صوبائی وزیر نے ہیلتھ انشورنس سکیم کے لئے صوبائی حکومت کے ساتھ تعاون کرنے پر جرمن بنک کے ایف ڈبلیو کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button