240

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی ووٹر ڈے منانے کا اہتمام کرکے ایک اچھا اور مثبت قدم اُٹھایا ہے،مولانا عبد الشکور

چترال ( نمائندہ ڈیلی چترال) کنوئنیر ضلع کونسل چترال مولانا عبد الشکور نے کہا ہے ۔ کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی ووٹر ڈے منانے کا اہتمام کرکے ایک اچھا اور مثبت قدم اُٹھایا ہے ۔ اس سے جمہوریت ، جمہوری اداروں اور جمہوری اقدار کو تقویت ملے گی ۔ وہ گذشتہ روز ڈسٹرکٹ الیکشن آفس چترال کے زیر اہتمام گورنمنٹ کالج آف منیجمنٹ سائنسز چترال میں ووٹر ڈے کی مناسبت سے منعقدہ ایک پُر وقار تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے ۔ جس میں صدر محفل کے فرائض پرنسل صاحب الدین نے انجام دیں ۔ جبکہ ممبران ڈسٹرکٹ اینڈ ویلج کونسل ، سرکاری اور غیر سرکاری اداروں کے ذمہ داراں کے علاوہ مردو خواتین ووٹروں اور کالج کے طلباء کی بڑی تعداد موجود تھی ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ جنرل اور بلدیاتی الیکشنز کا انعقاد اگر چہ قابل تعریف ہیں ۔ تاہم انتخابی اصلاحات کی اشد ضرورت ہے ۔ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر چترال گلریز عباس رضوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا ۔ کہ یہ اقدام 2018کے متوقع جنرل الیکشن کی تیاری کا پہلا قدم ہے ۔ جس میں ووٹروں کے تجاویز کی روشنی میں الیکشن کو زیادہ سے زیادہ شفاف بنانے اور ووٹروں کو درپیش مسائل حل کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے ۔ تاکہ مزید اچھے نتائج آسکیں ۔ اس موقع پر دیگر مقررین پرنسپل صاحب الدین ،مولانا انعام الحق ، اقلیتی ممبر ڈسٹرکٹ کونسل نابیگ ایڈوکیٹ، بلیناس اور سابق صدر پریس کلب محکم الدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا ۔ کہ چترال جیسے پسماندہ ضلع میں اب بھی ووٹ کی اہمیت کا زیادہ تر لوگ ادراک نہیں رکھتے ۔ اور انتخابات کے موقع پر وقتی لالچ اور بہکاوے میں آکر اپنا ووٹ استعمال کرتے ہیں ۔ جبکہ کئی مردو خواتین انتخابات میں بھی حصہ نہیں لیتے ۔ جو کہ اچھی روایت نہیں ہے ۔ انہوں نے لوگوں پر زور دیا ۔ کہ ووٹ کا ٹرن اوٹ بڑھا کر اچھی اور باصلاھیت قیادت آگے لایا جائے ۔ تاکہ چترال کو مسائل سے نکالا جا سکے ۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا ۔ کہ چترال میں جس رفتار سے علم کی روشنی پھیل رہی ہے ۔ اس سے یہ توقع کی جا سکتی ہے ۔کہ چترال کی نوجوان نسل اپنا حق رائے دہی صحیح معنوں میں استعمال کرے گی ۔ مقرر ین نے معذور اورخواتین کی الیکشن میں زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنانے کیلئے شناختی کارڈز کی تیاری ،پولنگ سٹیشنز میں مناسب ماحول فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ پولنگ بوتھ کی تعداد میں اضافہ کرنے، ڈیوٹیز میں مصروف سرکاری ملازمین کی پوسٹل بیلٹ پیپر پر ووٹ کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا ۔ تقریب سے سابق ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر خوش ولی نے بھی خطاب کیا ۔ اور لوگوں کی طرف سے اُٹھنے والے بعض سوالات کے جوابات دیے ۔ تقریب کے اختتام پر الیکشن سے متعلق آگہی پیدا کرنے کیلئے واک بھی کیا گیا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں