217

تیاریاں مکمل، مردم شماری 15 مارچ سے ہوگی،30 ارب اخراجات ہوں گے: سربراہ شماریات

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی ادارہ شماریا ت کے سربراہ آصف باجوہ نے کہا ہے فوج نے مردم شماری کیلئے 2 لاکھ اہلکار فراہم کرنے کاوعدہ کیا ہے ، مردم شماری کے نتائج کی بنیاد پر قومی اسمبلی کی نشستوں کی نئی تعداد کا تعین ہو گا،مردم شماری کو ہر حال میں مکمل کیا جائے گا ، موجودہ امن و امان کی صورتحال سے مردم شماری متا ثر نہیں ہوگی، 15مارچ کو مردم شماری کے لئے پہلے فیز کا آ غاز کیا جائیگا، مردم شماری کے حوالے سے اقوام متحدہ کی سفارشات پر عمل کیا جائیگا، مردم شماری کیلئے سکیورٹی پاک فوج اور مقامی پولیس فراہم کریگی، سول اور آرمی کو ٹریننگ فراہم کی جارہی ہے۔ بریفنگ دیتے ہوئے آصف باجوہ نے کہا 17مارچ تک خانہ شماری کی جائیگی اور 18 مارچ کو مردم شماری شروع کی جائیگی، 30 ارب کے اخراجات ہوں گے، مردم شماری کی مانیٹرنگ کیلئے یو این ایف پی اے کو دعوت دی ہے،خدانخواستہ کسی علاقہ میں حالات خراب ہوں تو وہاں مردم شماری دوسرے فیز میں کرانے کا آپشن موجود ہے،حکومت مردم شماری کیلئے مکمل طور پر پرعزم اور فعال ہے، مردم شماری کیلئے غیرملکی فنڈنگ آٹے میں نمک کے برابر ہے، افغان مہاجرین کے حوالے سے صوبوں کے تحفظات دور کئے ہیں، 60 دن کے اندر کل آبادی، مرد، خواتین اور خواجہ سرائوں کے اعداد و شمار پر مشتمل ابتدائی رپورٹ مکمل کی جائیگی، 2018ء کے انتخابات نئی مردم شماری کے تحت ہوں۔ شماریات ڈویژن کے رکن مردم شماری حبیب اللہ خٹک نے کہا پورے ملک میں مردم شماری کیلئے 168120بلاکس بنائے گئے ہیں، جولائی میں ہونے والی مردم شماری کے حوالے سے ملک میں بین الااقوامی کانفرنس میں عالمی ماہرین سفارش کی تھی آرمی کی ایک وقت میں عدم دستیابی کی وجہ سے دو فیزوں میں مردم شماری کرانے سے کوئی فرق نہیں پڑیگا۔ انہوں نے کہاکہ فوج کے 42 ہزار اہلکار بطور شمار کنندہ فرائض سرانجام دیں گے۔ آئی این پی کے مطابق سیکرٹری شماریات ڈو یژن ڈاکٹر شجاعت نے کہا ہے حکومت نے مردم شماری کیلئے بھرپور تیاری کی ہے تمام سٹاف قومی جذبے کے تحت اس قومی فریضے کو انجام دینے کیلئے تیار ہے، شماریات ڈویژن کی تیاری سے مطمئن ہیں، مردم شماری میں شفافیت اور معیار یقینی بنائیں گے اور مردم شماری کو ہر حال میں مکمل کیا جائیگا، وفاقی ادارہ شماریات کے سربراہ آصف باجوہ نے کہا ہے مردم شماری کیلئے تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں