371

چترال میں فلاح انسانیت فاونڈیشن کے زیراہتمام فری میڈیکل کیمپ میں 1845مریضوں کا طبی معائنہ 32 افرادکے لاکھوں روپے کی مالیت کے آپریشن مفت کیے

چترال ( نامہ گار) فلاح انسانیت فاونڈیشن کے زیراہتمام چارروزہ فری جنرل اینڈ سرجیکل کیمپ میں 1845مریضوں کا طبی معائنہ ہوا ، 32 افرادکے لاکھوں روپے کی مالیت کے آپریشن مفت کیے گئے جبکہ مریضوں کو ہزاروں روپے مالیت کی ادویات بھی فراہم کی گئیں۔ چیئرمین فلاح انسانیت فاؤنڈیشن حافظ عبدالرؤف نے میڈیکل کیمپ کا دورہ کیا اور مریضوں کی عیادت کی۔ تفصیلات کے مطابق فلاح انسانیت فاونڈیشن کے زیر اہتمام چترال میڈیکل سنٹر میں 27جولائی سے 30جولائی تک لگایا جانے والا فری جنرل اینڈ سرجیکل کیمپ اختتام پذیر ہو گیا۔کیمپ میں ایف آئی ایف کی میڈیکل ٹیم میں شامل آرتھو، سرجری اور میڈیکل کے سپیشلسٹ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف پر مشتمل 25رکنی عملہ نے اپنی خدمات سرانجام دیں۔ سپیشلسٹ ڈاکٹر ز نے چار دنوں میں چترال کے دور دراز سے آنے والے معدہ، ہڈیوں، آنکھوں، دانتوں، گردہ اور مثانہ کے 1845 مریضوں کا مفت چیک اپ کیا ۔مریضوں میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد بھی شامل تھی۔ایف آئی ایف کی طرف سے کیمپ پر آنے والے مریضوں کو ہزاروں روپے مالیت کی ادویات بھی مفت فراہم کی گئیں۔ سرجیکل کیمپ میں32افراد کی ہرنیا، اپینڈکس، پیٹ کی رسولی اور جسم میں گلٹیوں کے لاکھوں روپے کی مالیت کے آپریشن بھی فری کئے گئے۔ مریضوں کے لیے ای سی جی، الٹراساؤنڈ، لیبارٹری ٹیسٹ، بلڈ گروپ، بلڈ شوگر، ہیپا ٹائٹس بی سی، ٹائیفائڈ اور ملیریا کے ٹیسٹوں کی سہولت بھی موجود تھی۔ دریں اثناء چیئرمین فلاح انسانیت فاؤنڈیشن حافظ عبدالرؤف نے میڈیکل کیمپ کا دورہ کیا اور مریضوں کی عیادت کی۔ اس موقع پر انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کی طرف سے بلا تفریق رنگ ونسل، قوم و لسانیت خدمت کا سفر جاری و ساری ہے۔چترال شہر کے عوام اور دور دراز کے رہنے والوں کے لیے طبی سہولیات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایف آئی ایف نے میڈیکل سنٹر کا آغاز کیا ہے۔سینکڑوں مریض ہر ماہ علاج معالجہ کی سہولیات سے مستفید ہو رہے ہیں۔ہسپتال میں ڈینٹل ، جنرل او پی ڈی،گائنی،لیب، ڈسپنسری،ای سی جی، الٹراساؤنڈ،فری ایمبولینس سروس کی سہولت موجود ہے۔ ایف آئی ایف کی طرف سے ایک میٹرنٹی ہوم، کالج کے بچوں کے لیے ہاسٹل کا قیام، بچیوں کے لیے دستکاری سکول کا پروجیکٹ بھی زیرغور ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں