261

خیبرپختونخوا حکومت گرانے کے لیے ارکان کو خریدنے کی کوشش کی جارہی/عمران خان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے پارٹی کارکنوں کو فوری طور پر سابق پی ٹی آئی رہنما عائشہ گلالئی کی بہن ماریہ طورپکئی وزیر کو تنقید کا نشانہ بنانے سے روک دیا ہے۔عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ ’میں تمام پی ٹی آئی کے حمایتیوں سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ عائشہ گلالئی کی بہن کو تنقید نشانہ نہ بنائیں.خیال رہے کہ گذشتہ روز پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران عائشہ گلالئی کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے ان کی بہن کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا، پی ٹی آئی کی عالیہ حمزہ نے کہا تھا کہ عائشہ گلالئی کہتی ہیں عمران خان مغربی اقدار لانا چاہتے ہیں لیکن گلالئی پہلے آپ اپنا گھر دیکھ لیں پھر بات کریں۔مسلم لیگ (ن) کی جانب سے پی ٹی آئی چیئرمین کو نااہل کرانے کے لیے سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن میں کوششوں کے حوالے سے عمران خان نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں مزید کہا کہ ان کی جانب سے مجھے نااہل کرانے کی کوششیں جاری ہیں اور ان سے متعلق ان کی مہم بھی ناکام ہوچکی ہے، مسلم لیگ (ن) وہ کررہی ہے جو ان کے نزدیک بہتر ہے۔ پی ٹی آئی چیئرمین کا مزید کہنا تھا کہ جنہوں نے اپنی روح فروخت کی انہیں بے نقاب ہونے کےلئے چھوڑ دیں۔عمران خان نے کا اپنے ٹویٹر پیغام میں مزید کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت گرانے کے لیے ارکان کو خریدنے کی کوشش کی جارہی ہے، یقین رکھیں کہ پی ٹی آئی جواب میں ایسی پیشکش نہیں کرے گی اور چھانگا مانگا کی سیاست بھی نہیں چلے گی۔خیال رہے کہ یکم اگست کو پی ٹی آئی کی خاتون رہنما عائشہ گلالئی نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے الزام لگایا تھا کہ تحریک انصاف میں خواتین ورکرز کی کوئی عزت نہیں، اس لیے انہوں نے پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔عائشہ گلالئی کا یہ بھی کہنا تھا کہ عبوری وزیر اعظم کے انتخابات میں وہ تحریک انصاف کے نامزد کردہ امید وار شیخ رشید احمد کو ووٹ نہیں دیں گی۔اس کے بعد عائشہ گلالئی کو تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں