220

تحریک انصاف کسی عمران نیازی خان کی جاگیرنہیں، عائشہ گلا لئی

اسلام آباد: تحریک انصاف کی قیادت سے ناراض عائشہ گلا لئی کا کہنا ہے کہ صرف ایک شخص پارٹی نہیں بناتا اورتحریک انصاف کسی عمران نیازی کی جاگیر نہیں۔الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عائشہ گلا لئی کا کہنا تھا کہ معزز جج صاحبان کے سامنے اپنا موقف پیش کیا ہے، تحریک انصاف کے وکلا نے غلط بیانی کی، تحریک انصاف کے وکیل عادت کے مطابق جھوٹ بول رہے ہیں، شوکازنوٹس کا جواب وقت پردیا تھا، تحریک انصاف ناتو چھوڑی ہے اورنا ہی میں چھوڑوں گی، یہ میری اپنی جماعت ہے، صرف ایک شخص پارٹی نہیں بناتا اور تحریک انصاف کسی عمران نیازی کی جاگیرنہیں، اسپتال کے نام پرپیسہ اوربیرون ملک کی فنڈنگ کھانے والوں کی سیاست اب نہیں چلے گی۔عائشہ گلالئی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی والے کہتے تھے کہ ہم کرپشن کا خاتمہ اور ٹیکس کے پیسے ضائع نہیں کریں گے، اس کا وزیراعلیٰ ایک کروڑ 85 لاکھ کا سوئمنگ پول بنا رہا ہے اوردوسری طرف عمران کو ڈینگی مریضوں کی کوئی پرواہ نہیں وہ سیروتفریح کرتے رہے۔اس سے قبل الیکشن کمیشن میں عائشہ گلالئی کے خلاف ریفرنس کی سماعت ہوئی، جس میں عائشہ گلالئی نے وکیل کی خدمات لینے کے لئے کمیشن سے وقت مانگ لیا۔ سماعت کے دوران چیف الیکشن کمشنر نےعائشہ گلالئی سے سوال کیا کہ کیا آپ کوپارٹی کی جانب سے شوکازنوٹس موصول ہوا، جس پر عائشہ گلالئی نے جواب دیا کہ مجھے پارٹی کی جانب سے شوکاز نوٹس موصول ہوا ہے، میں اداروں کا احترام کرتی ہوں۔چیف الیکشن کمشنرنے کہا کہ ہمیں مقررہ مدت میں ریفرنس کی سماعت مکمل کرنی ہے۔ الیکشن کمیشن نےعائشہ گلالئی کوآئندہ سماعت پر تحریری جواب جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے عائشہ گلالئی کے خلاف ریفرنس کی سماعت 19 ستمبرتک ملتوی کردی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں