226

قومی تعمیر کے محکموں سے وابستہ انجینئر برادری نے تنظیم قائم کر لی

پشاور(نمائندہ ڈیلی چترال)خیبرپختونخوا میں قومی تعمیر کے محکموں سے وابستہ انجینئر برادری نے اپنی تنظیم قائم کی ہے خیبرپختونخوا ایسوسی ایشن آف گریجویٹ انجینئرز کے نام سے اس نئی تنظیم کیلئے فوری طور پر انجینئر شاکر حبیب کی زیرصدارت عبوری کابینہ تشکیل دی گئی ہے جو ممبر سازی کے مراحل مکمل ہونے کے بعد اگلے چھ مہینوں میں تنظیم کے باضابطہ انتخابات کرائے گی نامزد صدر انجینئر شاکر حبیب نے نشتر ہال پشاور میں منعقدہ تنظیم کے جنرل باڈی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جس میں ملاکنڈ، ہزارہ اور جنوبی اضلاع سمیت صوبہ بھر سے آئے انجینئرز نے شرکت کی، واضح کیا کہ انجینئر برادری اپنے جائز حقوق کیلئے جاگ چکی ہے اور متحدہ پلیٹ فارم سے ایک طرف اپنی تخلیقی اور پیداواری صلاحیتوں میں اضافہ کرے گی تو دوسری طرف نجی و سرکاری کسی بھی شعبے میں گریجویٹ انجینئرز کا استحصال نہیں ہونے دے گی تاہم واضح کیاگیا کہ مطالبات منوانے کیلئے ہڑتالوں اور سڑکوں پر احتجاج اور ایجی ٹیشن سے حتی الوسع گریز کیا جائے گا ایک متفقہ قرارداد میں صوبائی حکومت سے پرزور مطالبہ کیا گیا کہ انجینئرز کو ٹائم بیسڈ سروس سٹرکچر اور پروفیشنل الاؤنس جبکہ تازہ گریجویٹ انجینئرز کو انٹرن شپ دیا جائے قومی تعمیر کے تمام اداروں کے سربراہ انجینئرز ہی مقرر ہوں انجینئرز کیلئے جدید ٹیکنیک کے تربیتی کورسز کا اہتمام کیا جائے تاہم انکی ترقی کیلئے سینئر مینجمنٹ کورس کی شرط واپس لی جائے کیونکہ یہ انکی پیشہ ورانہ مہارت سے متصادم ہے اس موقع پر بیروزگار انجینئرز کیلئے آن لائن جاب پورٹل، صنعت و تجارت اور قرضوں کی سہولیات کے فورم نیز انجینئرز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے اور مختلف شعبوں میں ایمرجنسی اور بحرانی کیفیات سے نمٹنے میں حکومت اور اداروں کو مشاورت دینے کیلئے تھنک ٹینک بنانے کے اعلانات بھی کئے گئے انجینئر صدیق خٹک کی سربراہی میں رجسٹریشن کمیٹی کا قیام بھی عمل میں لایا گیا اور اسے فوری طور پر اپنا کام شروع کرنے کی ہدایت کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں