256

کربلا رہتی دنیا تک ظالموں کے منہ پر عبرت کا طمانچہ اور مظلومان حق کا آسراہے /سعدیہ دانش

گلگت/پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کی صوبائی سکریٹری اطلاعات سعدیہ دانش نے کہا ہے کہ کربلا انسانیت کی بقا کا نام ہے امام عالی مقام علیہ السلام نے ظالم و جابر حکمرانوں کے سامنے کلمہ حق بلند کرنے جبر و ستم کے مقابلے میں ڈٹ جانے اور سینہ سپر ہونے کا درس دیا۔محرم الحرام کا مہینہ صبر و رضا اور جذبہ ایثار و قربانی کی یاد دلاتا ہے۔نواسہ رسول صلی اللہ علیہ و آلہ سلم نے اسلام اور انسانیت کی سربلندی کے لیے جو عظیم قربانی دی اسی کی بدولت آج دین محمدی زندہ ہے کربلا نہ صرف حق و سچائی کی فتح مبین ہے بلکہ وحشت و بربریت کی شکست فاش ہے۔امام حسین علیہ السلام نے ظلم و ستم کے آگے سر تسلیم خم کرنے کے بجائےسارے کنبے کو قربان کر کے عالم انسانیت کو سر اٹھا کر جینے کا سلیقہ فراہم کیا اور ظالم حکمرانوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرنے کی جرآت عطا کی۔کربلا رہتی دنیا تک ظالموں کے منہ پر عبرت کا طمانچہ اور مظلومان حق کا آسرا ہے۔آج کے دور میں اسوہ حسینی پر عمل پیرا ہونے کی اشد ضرورت ہے بدعنوانی اقربا پروری اور میرٹ کی پامالی کے خلاف لڑنا اسوہ شبیری ہے مسلمانوں کو آج اپنے تمام تر اختلافات کو بھلا کر اسوہ شبیری پر عمل کرنے کی ضرورت ہے تاکہ اسلام کا حقیقی روح کے مطابق بول بالا ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں