192

سینیٹ انتخابات کیلئے خیبرپختونخوا سے 34امیدوار میدان میں آگئے

پشاور(جنرل رپورٹر)سینیٹ انتخابات کیلئے خیبرپختونخوا سے 34امیدوار میدان میں آگئے ۔تحریک انصاف،مسلم لیگ(ن)،جے یو آئی(ف)،جماعت اسلامی ،پیپلز پارٹی اور اے این پی نے تگڑے امیدوار میدان میں اتارے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا میں سینیٹ کی 11نشستوں کیلئے مجموعی طور پر 34امیدوار سامنے آگئے ہیں ۔خیبرپختونخوا میں سینیٹ کی 7جنرل نشستوں کیلئے 20امیدوار ،ٹیکنوکریٹ کی 2نشستوں کیلئے 6 اور خواتین کی 2نشستوں کیلئے 8امیدوار وں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں ۔تحریک انصاف کی طرف سے 7 جنرل نشستوں پر خیال زمان اورکزئی،فیصل جاوید ،حاجی ایوب آفریدی،فدا محمدخان جبکہ ٹیکنوکریٹ کی نشستوں کیلئے اعظم سواتی ،عبد الطیف یوسف زئی اور خواتین کی مخصوص نشستوں کیلئے مہر تاج روغانی اور نورین ابراہیم نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں ۔مسلم لیگ(ن)نے جنرل نشستوں پر پیر صابر شاہ ،علی افضل جدون،دلاورخان اور قاسم شاہ جبکہ خواتین کی مخصوص نشستوں پر رئیسہ دائوداور ثوبیہ شاہد کے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں ۔اسی طرح جنرل نشستوں پر پیپلز پارٹی کے فیصل سخی بٹ ،بہرہ مند تنگی اور خواتین نشستوں پر روبینہ خالد جبکہ جے یو آئی (ف)کے گل نصیب خان ،طلحہ محمود نے جنرل نشستوں کیلئے ،شیخ یعقوب نے ٹیکنوکریٹ اور نعیمہ کشور نے خواتین کی مخصوص نشستوں کیلئے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں ۔اسی طرح جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مشتاق احمد خان نے جنرل نشست اور قومی وطن پارٹی کے غفران خان ،عوامی نیشنل پارٹی کے مسعود عباس نے بھی جنرل نشست کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں ۔قومی وطن پارٹی کی انیسہ زیب طاہر خیلی اور عوامی نیشنل پارٹی کی شگفتہ ملک نے خواتین کی نشستوں کیلئے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں