272

ویمن اینڈ چلڈرن ہسپتال میں علاج معالجے کی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں جس سے عوام کو انتہائی مایوسی کا سامنا ہے/وقاص احمدایڈوکیٹ کاپریس کانفرنس

چترال (نمائندہ ڈیلی چترال) چترال کے معروف وکیل وقاص احمد خان نے کہاہے کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کے ژانگ بازار میں واقع ویمن اینڈ چلڈرن ہسپتال میں علاج معالجے کی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں جس سے عوام کو انتہائی مایوسی کا سامنا ہے اور یہ سب کچھ پی ٹی آئی حکومت کے بلند بانگ دعوؤں کی قلعی کھول دینے کے لئے کافی ہے۔ جمعرات کے روز چترال پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہسپتال کے وارڈوں میں ایک چار پائی پر تین تین بچوں کو رکھے جاتے ہیں جس سے نہ صرف تیمارداروں کو مشکل کا سامنا ہوتا ہے بلکہ اس سے مرض ایک سے دوسرے میں منتقل ہونے کا بھی حدشہ ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پوری ہسپتال میں مریضوں کے لئے صرف ایک نیبولائزر ماسک موجود ہے جس کی قیمت ایک ہزار روپے ہے اور یہ بھی امراض کو ایک دوسرے میں منتقل کرنے کا باعث بن سکتی ہے۔ وقاص احمد ایڈوکیٹ نے کہاکہ ہسپتال میں تمام پرائیویٹ رومز کو ہسپتال کے اسٹاف ذاتی استعمال میں لارہے ہیں اور یہ بھی ایک کرپشن ہے جس کی انکوائری کے لئے نیب اور انٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ سے درخواست کی ہے کیونکہ ہسپتال کے کمروں کو ذاتی رہائش کے لئے استعمال کرنا کرپشن کے زمرے میں آتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ڈپٹی کمشنر چترال کا دفتر اور رہائش گاہ ہسپتال سے چند قدم کے فاصلے پر موجود ہونے کے باوجود وہ ہسپتال کی اس بدتریں بدانتظامی سے بے خبر ہیں یا شاید وہ یہ سمجھتا ہے کہ جو پروٹوکول ہسپتال کا عملہ خود انہیں دیتا ہے ، وہ عوام کو بھی دستیاب ہیں۔وقاص احمد ایڈوکیٹ نے اس بات کا بھی انکشاف کیا کہ ہسپتا ل میں کئی گھوسٹ ملازمیں گھروں میں بیٹھے تنخواہ لے رہے ہیں جس کی باقاعدہ تحقیقات کی جانی چاہئے۔
انہوں نے ہسپتال کے نرس اسٹاف کے روئیے کو بھی مریضوں اور ا ن کے تیمارداروں کے ساتھ ہتک امیز قرار دیتے ہوئے کہاکہ وہ یونیفارم پہننے سے بھی احتراز کررہی ہیں جس کی وجہ سے ان کی شناخت بھی نہیں ہوسکتی ہے۔ انہوں نے پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اور خیبر پختونخوا کے چیف سیکرٹری سے بھی اس ہسپتال میں بدانتظامیوں کا سخت نوٹس لے کر انکوائری کا مطالبہ کیاجہاں مفت ادویات بھی غریب مریضوں کو دستیاب نہیں۔ بعدازاں صحافیوں کی ایک ٹیم نے جب ہسپتال کا وزٹ کیا تو ڈیوٹی پر موجود ایک ڈاکٹر نے ہسپتال میں صرف ایک نیبولائزر کی دستیابی اور پرائیویٹ رومز کی پرائیویٹ استعمال کی تصدیق کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں