58

سی پیک نے پاکستان اور چین دوستی کو نئی بلندیوں پر پہنچا دیا،سی پیک کے 9 صنعتی زون سے ملک میں روزگار کے نئے مواقع پیدا

وفاقی وزیر داخلہ، منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ سی پیک نے پاکستان اور چین دوستی کو نئی بلندیوں پر پہنچا دیا ہے، سی پیک پاکستان کی معیشت کے لئے آکسیجن ہے، توانائی اور انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری نے معیشت میں گروتھ پیدا کی ہے،

سی پیک کی کامیابی کے لئے ملک میں اتفاق رائے ہے، تمام جماعتیں اور صوبائی حکومتیں سی پیک کی بھرپور حمایت کرتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے باؤ فورم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ انفراسٹرکچر منصوبوں کے ساتھ عوامی مفاد کے منصوبے بھی شروع کئے گئے ہیں،

پاکستان 2025ء وژن میں ترقی محض سرمایہ کی افزائش کا نام نہیں اس کا ہدف غربت کا خاتمہ ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک منصوبوں نے توانائی کے بحران پر قابو پانے میں مدد دی ہے، بجلی کی فراہمی سے صنعتی پیداوار میں اضافہ ہوا ہے، روزگار پیدا ہو رہا ہے، سی پیک کے ذریعہ پاکستان کے پسماندہ علاقوں کو ترقی کے ساتھ جوڑا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گوادر بندرگاہ ایشیا کی صف اول کی بندرگاہ بن کر ابھرے گی، گوادر میں بنیادی انفراسٹرکچر تعمیر کیا جا رہا ہے، سی پیک منصوبوں کو ٹھوس فزیبیلیٹی سٹڈیز کی بنیاد پر منظور کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک دنیا میں علاقائی تعاون کے نمایاں ترین منصوبوں میں شامل ہو چکا ہے، پاکستان وسطی ایشیا، چین اور جنوبی ایشیا کو جوڑنے کا کوریڈور ہے، سی پیک کے 9 صنعتی زون ملک میں روزگار کے نئے مواقع پیدا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس، کسٹمز اور سفر کی پالیسیوں کو ہم آہنگ کرنا ضروری ہے تاکہ کارگو اور افراد باآسانی آ جا سکیں، مستقبل میں نجی شعبہ کا کردار اہم ہو گا۔

Print Friendly, PDF & Email