392

بالائی چترال یار خون کے گرمائی چراگاہ میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران برفانی چیتوں نے بیس مال مویشیوں کو ہلاک کیا

چترال (محکم الدین ) چترال کے بالائی علاقہ یار خون کے گرمائی چراگاہ میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران برفانی چیتوں نے بیس مال موشیوں کو ہلاک کیا ہے ۔ جس سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گئی ہے ۔ باوثوق ذرائع نے بتا یا ۔ کہ برفانی چیتا دن اور رات کے اوقات میں مال مویشیوں پر حملہ آور ہوتے ہیں ۔ اور ہلاک کرکے کھا جاتے ہیں ۔ اس لئے مال مویشیوں کی نقل وحمل کو چرواہوں نے محدود کردیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق اب تک چھ گائے اور چودہ بکریاں برفانی چیتے کا لقمہ بن چکی ہیں ۔ جبکہ مزید ہلاکتوں کا خطرہ موجود ہے ۔ ہلاک شدہ مال مویشیوں میں فیض اللہ کے دو ، نوشیر خان کے پانچ ،رحمت حسین کی تین ، شربت خان ، ابراہیم خان کے دو دو بکریاں اسی طرح گُل صفت کی ایک گائے ، جہانگیر خان جبار خان کے دو دو گائے اورغلام خان کا ایک بیل برفانی چیتے کی بھینٹ چڑھ گئے ہیں ۔ جس سے ان لوگوں کا لاکھوں کا نقصان ہوا ہے ۔ متاثرین نے حکومت اور محکمہ وائلڈ لائف سے مطالبہ کیا ہے ۔ کہ ان کو نقصانات کا معاوضہ دیا جائے ۔ وہ یہ مال مویشی فروخت کرکے اپنی روزی روٹی کا انتظام کرتے ہیں ۔ جنہیں برفانی چیتے نے ہلاک کیا ہے ۔ انہوں نے کہا ۔ وائلڈ لائف کے قانوں کا حترام کرتے ہوئے انہوں نے برفانی چیتے کو تحفظ دیا ہے ۔ اس لئے نقصانات کے ازالے کے طور پر اُن کی مدد کی جائے ۔ تاکہ وہ اپنے گھریلو اخراجات کیلئے اشیاء خوردو نوش خرید سکیں ۔ کیونکہ مال مویشی اُن کی آمدنی کا واحد ذریعہ ہیں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں