231

شندورپولو فیسٹول کا پہلا میچ ،لاسپور چترال نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے غذر کو ایک کے مقابلے میں پانچ گولوں سے شکست دی

چترال (محکم الدین)پریوں کا مسکن اور دنیا کی بلند ترین پولوگراؤنڈ شندور میں کیلنڈر ایونٹ تین روزہ شندور پولو فیسٹول ہفتے کے روز شروع ہوا ۔ سابق چیف جسٹس نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس دوست محمد خان نے گیند پھینک کر کھیلوں کے باد شاہ فری سٹائل پولو کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر خیبر پختونخوا کے اداروں کے آفیسران ، کمشنر ملاکنڈ ڈویژن سید ظہیر الاسلام شاہ ڈپٹی کمشنر چترال خورشید عالم محسود موجود تھے ۔ شندور فیسٹول میں ملک کے مختلف حصوں سے ہزاروں کی تعداد میں سیاح فیسٹول سے لطف اندوز ہونے کیلئے موجود ہیں ۔ پولو فیسٹول کا پہلا میچ لاسپور چترال ٹیم اور غذر گلگت کے مابین کھیلا گیا ۔ جس میں لاسپور چترال نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے غذر کو ایک کے مقابلے میں پانچ گولوں سے شکست دی ۔ اور وزیر اعلی خیبر پختونخوا کی طرف سے فرسٹ پرائز دس لاکھ روپے کے حقدار ٹھہرے جبکہ رنر اپ ٹیم کو سات لاکھ روپے انعام میں دیے گئے ۔ کھیل کے دوران چترال سکاؤٹس کی بینڈ ٹیم اور پیرا گلائیدر نے اپنے فن کا شاندار مظاہرہ کیا ۔ اور حاضرین سے خوب داد وصول کی ۔ فیسٹول میں خواتین کی بہت بڑی تعداد شریک ہے ۔ سیاحوں کو سہولت دینے کیلئے ضلعی انتظامیہ چترال کی طرف سے خیمہ بستی کا انتظام کیا گیا ہے ۔ جبکہ سیاحوں کو ضروت کی اشیاء فراہم کرنے کیلئے وسیع بازر قائم کی گئی ہے ۔ جسے گلگت اور چترال کے کاروباری افراد نے سجایا ہے ۔ افتتاحی میچ میں گلگت صوبے سے نمایاں حکام کی شرکت نہ ہو سکی ۔ وزیر اعلی خیبر پختونخوا پہلا میچ دیکھنے کے بعد پشاور واپس ہو گئے ۔ ذرائع کے مطابق کل اتوار کے روز چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شندور فیسٹول کے دوسرے روز کے میچ کے مہمان خصوصی ہوں گے ۔شندور پولو فیسٹول کا دوسرا میچ چترال ڈی اور گلگت ڈی کے درمیان کھیلا گیا ۔ شندور کا حسین میدان اور جھیل کے اطراف میں سیاحوں کی جم غفیر نے ڈھیرے ڈالے ہوئے ہیں ۔ الیکشن کی گرما گر می کے باوجود لوگ فیسٹول کا لطف اٹھانے کیلئے طویل سفر طے کرکے شندور پہنچ گئے ہیں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں