291

این جی اوز کے خلاف سخت قوانین مرتب؛سینکڑوں این جی اوز کو تحلیل کردیا گیا

اسلام آباد(آن لائن)وفاقی حکومت نے این جی اوز کیخلاف بھی مزید سخت قوانین تیار کرلئے ہیں۔وفاقی حکومت نے اپنے منشور اور دعوؤوں کے مطابق کام نہ کرنے والی470 این جی اوز کو تحلیل کردیا ہے۔ وفاقی حکومت نے این جی اوز کے کام میں شفافیت لانے کیلئے نہ صرف ایک نیا قانون تیار کیا ہے بلکہ پہلے سے موجود این جی اوز کیخلاف برق رفتار کارروائی کا آغاز بھی کردیا گیا ہے۔ وزارت داخلہ کی ایک سرکاری دستاویز کے مطابق رواں برس درست معلومات نہ دینے والی اور اپنے ایجنڈے سے ہٹ کر کام کرنیوالی 470این جی اوز کوتحلیل کر دیا گیا جبکہ 292 این جی اوز کو نوٹس جاری کئے گئے ہیں جن میں ان سے اکاؤنٹس کی تفصیل،مختلف منصوبوں پر خرچ ہونیوالی رقم اور فنڈز کہاں سے لئے وغیرہ تفصیلات مانگی گئی ہیں۔ وزارت داخلہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ درست معلومات نہ دینے والی این جی اوز کو ختم کردیا جائے گا ۔مزید برآں معلوم ہوا ہے کے وزارت داخلہ نے تمام این جی اوز کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے حوالے سے حساس اداروں سے رپورٹ بھی مرتب کروائی ہے تاکہ وزارت داخلہ کو ایکشن لینے میں آسانی ہوسکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں