206

عمران خان، فضل الرحمٰن، پرویز خٹک، ایاز صادق کی نازیبا زبان پر معافی قبول

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے نازیبا زبان استعمال کرنے پر عمران خان، فضل الرحمن، پرویز خٹک اور ایاز صادق کی معافی قبول کرتے ہوئے ان کی کامیابی کے نوٹی فکیشنز جاری کرنے کا حکم دے دیا۔الیکشن کمیشن میں نازیبا زبان استعمال کرنے پر چار سیاسی رہنماؤں کے خلاف نوٹسز کی سماعت ہوئی۔  چاروں سیاست دانوں کی جانب سے ان کے وکلا پیش ہوئے۔ عمران خان کی جانب سے بابر اعوان پیش ہوئے اور تحریری جواب جمع کرا دیا جس میں عمران خان نے مخالفین کو گدھا کہنے پر غیر مشروط معافی مانگ لی۔جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کے وکیل نے بھی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر معافی نامہ جمع کرا دیا۔ سابق وزیراعلی خیبرپختون خوا پرویز خٹک کے وکیل نے تحریری معافی نامہ اور معافی مانگنے والا ویڈیو بیان جمع کرا دیا۔ ایاز صادق کی جانب سے بھی وکیل نے ان کا معافی نامہ جمع کرایا۔الیکشن کمیشن نے چاروں سیاست دانوں کی غیر مشروط معافی قبول کرتے ہوئے ان کی کامیابی کے نوٹیفکیشنز جاری کرنے کا حکم دے دیا۔ الیکشن کمیشن نے ان رہنماؤں کو ایسی زبان اور الفاظ استعمال کرنے سے گریز کرنے کے لیے متنبہ کرتے ہوئے کہا آئندہ ایسی کوئی بات برداشت نہیں کی جائے گی اور سخت کارروائی کی جائے گی۔واضح رہے کہ عمران خان نے وطن واپسی پر نوازشریف کے استقبال کے لیے لاہور ائرپورٹ جانے والوں کو گدھا کہا تھا۔ پرویز خٹک کی جانب سے پیپلزپارٹی کے کارکنوں کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی گئی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں