309

سیاحت اور جنگلی حیات کا چولی دامن کا ساتھ ہے ۔ ایکو ٹورزم کے ذریعے ہی معاشی استحکام حاصل کیا جاسکتا ہے

چترال ( محکم الدین ) سیاحت اور جنگلی حیات کا چولی دامن کا ساتھ ہے ۔ ایکو ٹورزم کے ذریعے ہی معاشی استحکام حاصل کیا جاسکتا ہے ۔ اور برفانی چیتا ہمارا دشمن نہیں بلکہ ہمارا دوست ہے ۔ ان خیالات کا اظہار سب ڈویژنل فارسٹ آفیسر چترال الطاف علی شاہ نے سنولیپرڈ فاونڈیشن کے زیر اہتمام چترال کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقدہ عالمی یوم جنگلی حیات کے موقع پر ایک پر وقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جس میں بڑی تعداد میں سرکاری آفیسران , صحافیوں اور یونیورسٹی و سکول و کالج کے طلبہ نے شرکت کی ۔ انہوں نے پریزنٹیشن دیتے ہوئے کہا۔ کہ برفانی چیتے کو لوگ اپنا دشمن قرار دیتے ہیں ۔ جبکہ حقیقت یہ ہے۔ کہ اس کی موجودگی دیگر جنگلی حیات کی آبادی کی بڑھوتری کی عکاسی کرتاہے ۔ یہ بیمار جنگلی حیات کا شکار کرکے صحتمند جانوروں کو محفوظ رکھتا ہے ۔ الطاف علی شاہ نے کہا ۔ کہ چترال جنگلی حیات سے مالا مال ہے ۔ اور چترال کے نیشنل پارک میں قومی جانور برفانی چیتا اور ماخور , قومی درخت دیودار , قومی پرندہ چکور اور قومی پھول چنبیلی کی موجودگی اس کو عالمی سطح پر ممتاز بناتی ہے ۔ اسلئے اس کا شمار دنیا کے اہم ترین نیشنل پارکوں میں ہوتا ہے ۔ انہو ں نے کہا ۔ کہ ٹرافی شکار سے چترال کو بہت بڑی آمدنی ہو رہی ہے ۔ اور اس آمدنی سے چترال کی کمیونٹی اپنے کئی مسائل حل کر نے میں کامیاب ہو چکی ہے ۔ جن میں پینے کے پانی ,نہروں کی تعمیر , حفاظتی بند , لنک روڈز , ٹریک , سکولز ,ٹیچرز , ایم ایچ پیز , ٹورسٹ ہٹ اور عبادت گاہوں کی تعمیر شامل ہیں ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ چترال میں کشمیری ماخوروں کی تعداد میں دن بہ دن اضافہ ہو رہا ہے ۔ جو علاقے کیلئے خوشحالی کی نوید ہے ۔ الطاف علی شاہ نے چترال کے جنگلاتی اور آبی پرندوں کی اہمیت پر بھی تفصیل سے روشنی ڈالی اور انسانی زندگی بچانے کیلئے ان کی خدمات کا تذکرہ کیا ۔ انہوں نے وائلڈ لائف ڈے منانے کے سلسلے میں بہترین انتظام کرنے پر سنو لیپرڈ پراجیکٹ کے شفیق اللہ خان اور اعجاز احمد کی تعریف کی ۔ اسسٹنٹ وارڈن فشریز اختر منیر نے خطاب کرتے ہوئے چترال میں آبی جانوروں کی افزائش کیلئے کئے جانے والے اقدامات کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔ اور کہا ۔ کہ بدقسمتی سے چترال کے لوگ اب بھی فش فارمنگ سے حاصل ہونے والی آمدنی سے بے خبرہیں ۔ اور جو لوگ اس قسم کے قدرتی وسائل کو آج ہی ختم کرنے کی کوشش کر رہےہیں ۔ یہ ان کی احمقانہ خواہش ہے ۔ جبکہ ابی حیات آنے والی نسلوں کیلئے خزانہ ہے۔ اس موقع پرآئیڈیل پبلک سکول کوغذی کے طلبہ نے خاکے پیش کئے ۔اور ماحول سے متعلق پینٹنگز بھی ڈسپلے کئے ۔ جنہیں بہت سراہا گیا ۔ تقریب می چترال یونیورسٹی اور آئیڈیل سکول کے طلبہ نے عالمی یوم وائلڈ لائف کی مناسبت سے تقاریر کیں ۔ بعد آزان پروگرام میں حصہ لینے والے طلبہ میں ٹرافی تقسیم کئے گئے ۔ اس موقع پر خواتین کی طرف سے دستکاریوں کی نمائش کی گئی ۔ جس کے حوالے سےسنو لیپرڈ انٹر پرائز ڈویلپمنٹ آفیسر یاسمین نے بتایا ۔ کہ یہ سنو لیپرڈ فاونڈیشن کا ایک کمپوننٹ ہے ۔ جس کے ذریعے خواتین کوکنزرویشن میں شامل کرنے کی کوشش کی جاتی ہے ۔خواتین کی تیار کردہ مختلف دستکاریوں کی قیمت ادا کرکے ان کو آمدنی کے مواقع فراہم کئے جاتے ہیں۔ اور ان کو کنزر ویشن میں شامل,کیا جاتا ہے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں