185

صوبے میں مقامی حکومتوں کا نیا لوکل گورنمنٹ ماڈل متعارف کر ارہے ہیں،محمودخان

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ صوبے میں مقامی حکومتوں کا نیا لوکل گورنمنٹ ماڈل متعارف کر ارہے ہیںجو کہ ایک منفرد اور عوام دوست ماڈل ہو گا۔ انہوںنے کہا کہ اس نئے ماڈل کے تحت حقیقی معنوں میں اختیارات کا اتکازختم کیا جائے گااور نچلی سطح پر عوام کو مضبوط اور با اختیار بنایا جائے گا۔ا س نئے ماڈل سے عوام کو بہتر اور جلد خدمات کی فراہمی اور فیصلہ سازی میں مدد ملے گی ۔ مقامی سطح پر مسائل کے حل سے عوام کی بے چینی اور مایوسی ختم ہو گی ۔ اس نئے لوکل گورنمنٹ ماڈل کو صوبائی اسمبلی سے بہت جلد پاس کیا جائے گا۔ ہم یہ ماڈل ہر لحاظ سے کامیاب بنائیں گے ۔ اُنہوںنے کہاہے کہ ہم بتدریج عوامی شراکت داری پرمبنی جمہوریت کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ نے لوکل گورنمنٹ سسٹم کے حوالے سے وزیراعلیٰ ہائوس میں منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔وزیراعظم کے مشیر برائے اسٹبلشمنٹ ارباب شہزاد نے بھی اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلاس میں سینئر صوبائی وزیر برائے بلدیات شہرام خان ترکئی، وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا، وزیر قانون سلطان محمد خان، پرنسپل سیکرٹری برائے وزیراعلیٰ سلطان محمد خان، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اور دیگر انتظامی سیکرٹریوں نے شرکت کی ۔اجلاس کو صوبے میں نئے لوکل گورنمنٹ سسٹم ، اس پر عمل درآمد، تحصیل کونسل، ویلج کونسل اور نیبر ہڈ کونسل کے حوالے سے تفصیلی بریفینگ دی گئی ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اس نئے لوکل گورنمنٹ سسٹم کو ضم شدہ اضلاع تک توسیع دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے عندیہ دیا کہ وہ اس ماڈل کے حوالے سے اگلے ہفتے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کریں گے ۔ انہوںنے کہاکہ اس نئے ماڈل سے میونسپل سروسز اور سوشل سروسز عوام کو اُن کی دہلیز پر میسر آئیں گی ۔اس ماڈل کی رو سے تحصیل لیول ، نیبر ہڈ لیول اور ویلج کونسل لیول تک اختیارات دیئے جائیں گے ۔ انہوںنے مزید کہاکہ اس نئے ماڈل میں ڈپٹی کمشنروں کے اپنے اپنے اختیارات ہوںگے ۔ اس نئے ماڈل سے تحصیل کی سطح پر اپنا لوکل گورنمنٹ ہو گا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ اس ماڈل کی رو سے صوبائی حکومت اپنے آپ سے اختیارات لیکر مقامی عوامی نمائندوں کو منتقل کر ے گی ۔انہوںنے پشاو رسٹی کو پشاور میٹرو پولٹین میں تبدیل کرنے کی تجویز سے بھی اُصولی اتفاق کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ نئے لوکل گورنمنٹ سسٹم کو عملی طور پر نافذ کیا جائے گا۔ انہوںنے ہدایت کی کہ نئے لوکل گورنمنٹ سسٹم سے عوام کی فلاح اور ترقی کا ایک مکمل اور قابل عمل پلان ہونا چاہیئے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس نئے لوکل گورنمنٹ نظام سے نچلی سطح پر وسائل کا شفاف ا ستعمال یقینی بنایا جائے گا۔ انہوںنے کہاکہ تحریک انصاف اور صوبائی حکومت کا وژن ہے کہ حقیقی معنوں میں عوام کو اختیارات دیئے جائیں ۔انہوںنے کہاکہ اسی تناظر کو مدنظر رکھتے ہوئے نئے لوکل گورنمنٹ سسٹم کا صوبے میں نفاذیقینی بنائیں گے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں