194

وزیراعظم عمران خان نے تین نکاتی ترقیاتی پیکج دے دیا

وزیراعظم عمران خان نے تین نکاتی ترقیاتی پیکج کے تحت گلگت بلتستان میں چھوٹے پن بجلی منصوبے شروع کرنے،پھلوں کی بیرون ملک برآمد کے لئے فوڈ پروسیسنگ پلانٹ لگانے ،سیاحت کے فروغ کے لئے سروس انڈسٹری بنانے اور ٹورازم کالج قائم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے تمام مسائل حل کئے جائیں گے وفاقی حکومت ہرممکن طریقے سے صوبائی حکومت کی مدد کرے گی،ان خیالات کا اظہار انہو ں نے گلگت میں جلسہ عام اور صوبائی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،گلگت کے شاہی پولو گراﺅنڈ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے کہا کہ میں گلگت بلتستان کے سارے مسائل جانتاہوں اور یہ یقین دلاتاہوں کہ گلگت بلتستان پر وہ توجہ دی جائے گی جو آج تک کسی بھی پاکستان کی وفاقی حکومت نے نہیں دی۔

دریں اثناءصوبائی کابینہ کے اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان نے گلگت بلتستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں میں درپیش مسائل کو متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر جلد حل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت ہر ممکن طریقے سے گلگت بلتستان حکومت کی مدد کرے گی، گلگت بلتستان کی غیور عوام کا بھی پاکستان پر اتنا ہی حق ہے جتنا باقی صوبوں کا ہے،گلگت بلتستان کو قدرت نے بے پناہ وسائل سے نوازا ہے، اس علاقے میں سیاحت کے فروغ کے لیے بیش بہا مواقع موجود ہیں جن کو بروئے کار لاکراس خطے کی ترقی ممکن ہو سکے گی، گلگت بلتستان حکومت مزید چھوٹے پن بجلی گھر قائم کرنے کے حوالے سے منصوبہ بندی کرے جس میں وفاقی حکومت بھی مدد کرے گی، سرسبز پاکستان پروگرام کے تحت گلگت بلتستان میں150 ملین پودے لگائے جائیں گے۔اجلاس میں وفاقی وزیر برائے امور کشمیر اور گلگت بلتستان علی امین گنڈاپور، گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون، وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان، سینیٹر فیصل جاوید، گلگت بلتستان کابینہ کے اراکین اور حکومت کے سینئر افسران شریک ہوئے ۔ چیف سیکریٹری گلگت بلتستان نے وزیراعظم کو گلگت بلتستان کے انتظامی امور، ترقیاتی منصوبوں اور سیکورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں