275

اپرچترال،کورونا کے مزید تین مریضوں کے تیسرا ٹیسٹ منفی آنے پر گھروں کو روانہ

اپرچترال(ذاکر محمد زخمی)اپر چترال کے کرونا وائرس کے تین اور مریضوں کا تیسرا Swab ٹیسٹ بھی نیگیٹو آگئے۔ محکمہ صحت کے مطابق شمس الضہا ولد عثمان خان سکنہ رائین تورکہو احسان اللہ ولد خزانہ خان سکنہ کوراغ اور بہادر علی ولد شمس پناہ سکنہ کھوت تورکہو کا تیسرا ٹیسٹ بھی نیگیٹو موصول ہوا۔ شاہ سعود ڈپٹی کمشنر اپر چترال کے ہدایات پر محمد ریاض خان اسسٹنٹ کمشنر مستوج نے معظم خان ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر مستوج، معراج الدین جنرل منیجر AKHS,P چترال اور ڈاکٹر سردار نوازکے ہمراہ ہفتے کے روز ایمرجنسی رسپانس سنٹر Covid-19بونی میں مذکورہ صحتیاب افراد کو پرتپاک طریقے سے رخصت کیا۔ صحتیاب افراد اپنے جلد صحتیابی پر بہت زیادہ خوش اور مسرور دیکھائی دے رہے تھے اور اللہ پاک کا شکر ادا کیا۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ اپر چترال،محکمہ صحت اور اغاخان ہیلتھ سروس پاکستان کا ان کے بھرپور تعاؤن، بہترین سہولیات، معیاری خوراک اور خصوصی نگہداشت پر شکریہ ادا کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر مستوج اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر مستوج نے صحتیاب افراد کو ہار پہنائے اورجلد صحتیابی پر انہیں دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی۔ اسسٹنٹ کمشنر مستوج نے محکمہ صحت اور ڈیوٹی پر مامور اے،کے،ایچ،ایس،پی کے جملہ اسٹاف کے خدمات کو بھی سراہا اور ان کے کورونا کے مریضوں کے ساتھ خصوصی برتاؤ و نگہداشت، بہترین اور معیاری خوراک و رہن سہن اور جملہ معیاری انتظامات پر دل کی گہرائیوں سے ان کا شکریہ ادا کیا۔ اپر چترال میں کورونا کے 22 مریض ایمرجنسی رسپانس سنٹر 19-Covid بونی میں زیر علاج تھے ان میں سے اب تک 15 مریض صحت یاب ہوکر اپنے گھروں کو جا چکے ہیں اور 7 مریض زیر علاج ہیں۔آخر میں ان صحتیاب افراد کو ضلعی انتظامیہ اپر چترال کی طرف سے بہترین فوڈ پیکیج وغیرہ دیکر ان کو اپنے آبائی گاؤں کی طرف روانہ کردیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں