283

پی ٹی آئی ضلع لویر چترال کا ورکرز کنونشن مقامی ٹاؤن ہال میں منعقد ہواجس میں ضلعی کابینہ پر عدم اعتماد کا اظہارکرتے ہوئے دوبارہ تنظیم سازی کا مطالبہ

چترال (چترال ایکسپریس) پی ٹی آئی ضلع لویر چترال کا ورکرز کنونشن مقامی ٹاؤن ہال میں منعقد ہواجس میں ضلعی کابینہ پر عدم اعتماد کا اظہارکرتے ہوئے دوبارہ تنظیم سازی کا مطالبہ کیا گیا جس میں کارکنوں کے جذبات، احساسات اور پسند وناپسند کی عکاسی کی گئی ہو۔ کنونشن سے پارٹی کے سینئر رہنما امین الرحمن، شاہد الرحمن، رضی اللہ، اسرار کسانہ اور دوسروں نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ماونٹین ان ہوٹل میں پارٹی ورکروں نے ضلعی کابینہ کے بارے میں جو فیصلہ کیا تھا، اسے پس پشت ڈال دیا گیا ہے جس سے کارکنوں میں مایوسی اور اضطراب پھیل گئی ہے اور اگلے بلدیاتی الیکشن میں پارٹی کی شکست ابھی سے نظر آرہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ چترال پی ٹی آئی کا گڑھ ہے اور چترال کے لوگ وزیر اعظم عمران خان کے شیدائی ہیں لیکن ضلعی کابینہ میں بالائی نظم نے من پسند افراد کو شامل کرنے سے کارکنوں میں مایوسی پھیلنا اور انکی صفوں میں دراڑیں پیدا ہونا فطری امر ہے کیونکہ موجود ہ ضلعی کابینہ کے ارکان کو پارٹی کارکنان کسی قیمت پر نہیں مانتے۔ انہوں نے کہاکہ لوٹ کوہ سے تعلق رکھنے والے پارٹی کارکنان نے بھی اس کابینہ پر عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نیمطالبہ کیا کہ موجودہ کابینہ کو فوری طور پر تحلیل کرکے کارکنوں سے دوبارہ رائے لے کر تمام کارکنان کو قابل قبول کابینہ تشکیل دیا جائے۔ دریں ا ثناء اپر چترال ضلعے میں بھی ضلعی صدر اور جنرل سیکرٹری کے درمیان اختلافات پید ا ہونے کی اطلاعات موصول ہوگئی ہیں۔ سوشل میڈیا میں آنے والی ایک پوسٹ کے مطابق صدر الحاج رحمت غازی خان نے جنرل سیکرٹری آفتاب آفتاب ایم طاہر کو اس بات پر شوکاز نوٹس جاری کردیا ہے کہ انہوں نے تحصیلوں کی کابینہ کے ارکان کی نوٹیفکیشن ضلعی صدر سے پوچھے بغیر اپنی طرف سے جاری کیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں