363

چترال کے چھوٹے سے گاؤں سے تعلق رکھنے والے ایس پی انویسٹی گیشن خالد خان اقوام متحدہ امن مشن کے لئے منتخب ہو گئے۔

پشاور(نیوزبائی ایکسپریس نیوز)جنت نظیر وادی چترال کو ایک اور اعزاز حاصل ہوگیا، چترال کے چھوٹے سے گاؤں سے تعلق رکھنے والے ایس پی انوسٹی گیشن خالد خان یو این امن مشن کے لئے منتخب ہوگئے، وہ رواں ماہ اقوام متحدہ کے امن مشن میں خیبر پختون خوا پولیس کی نمائندگی کریں گے۔

خالد خان اپنی محنت کے بل بوتے پر پولیس کے اپر کورس میں صوبہ بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کر چکے ہیں اور یہی نہیں بلکہ وہ ایف اے اور بی اے میں ضلع چترال میں ٹاپ بھی کرچکے ہیں، ان کے اس اعزاز نے خیبر پختون خوا پولیس کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔
20 سال قبل چترال سے پہلی بار ڈی ایس پی شمش الرحمان کو یو این مشن میں نمائندگی کا اعزاز حاصل ہوا تھا لیکن خالد خان پہلے آفیسر ہیں جو چترال سے بطور کمیشن پی اے ایس آئی بھرتی ہوئے تھے اور اب وہ اقوام متحدہ امن مشن میں اپنی خدمات سر انجام دیں گے۔

خالد خان 1995 میں کے پی پولیس میں بھرتی ہوئے، انہوں نے اپنے کریئر کا آغاز دیر لوئر میں ایس ایچ او سے کیا 2009 میں وہ چکدرہ میں بطور ایس ڈی پی او تعینات ہوئے جب کہ ملاکنڈ میں جب شدت پسندی عروج پر تھی تو ان کو 2011 میں بطور ایس ڈی پی او دروش چترال تعینات کر دیا گیا۔

خالد خان 2016 میں ایس پی انویسٹی گیشن شانگلہ تعینات ہوئے جب کہ آج کل وہ چترال میں بطور ایس پی انویسٹی گیشن چترال خدمات سر انجام دے رہے ہیں، حال ہی میں خالد خان یو این پیس مشن کا ٹیسٹ پاس کر کے اقوام متحدہ امن مشن میں منتخب ہوگئے۔

ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں چترال پولیس کی نمائندگی کرنے والے ایس پی خاد خان نے بتایا کہ محنت کا پھل ضرور ملتا ہے خیبر پختون خوا پولیس شہدا اور غازیوں کی دلیر فورس ہے جس کا دنیا میں خاص مقام ہے، یو این مشن میں کے پی پولیس کی نمائندگی بڑے اعزاز سے کم نہیں۔

انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر پولیسنگ میں کافی تبدیلیاں آچکی ہیں، ٹیکنالوجی کے استعمال سے پولیس کے تفتیشی نظام میں کافی بہرتی آئی ہے، یو این جا کر بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا۔

واضح رہے خیبر پختون خوا پولیس سے رواں ماہ 2 خواتین سمیت 5 افسران اقوام متحدہ امن مشن کے لئے روانہ ہوں گے جن میں پشاور کے ڈی ایس پی احتراز خان، ٹانک کی لیڈی کمانڈو گل نثا، پشاور کی خاتون پولیس آفیسر صائمہ شریف، انسپکٹر ارشد خان اور چترال کے ایس پی خالد خان شامل ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں