ہزاروں سال قدیم کالاش قبیلے کے موسم خزان کا معروف فیسٹول ” پوڑ” بریر وادی میں اپنی رنگینیوں کے ساتھ اختتام پذیر ہوا ۔ بریر ، رمبور اور بمبوریت کے لوگوں ، ملکی و غیر ملکی سیاحوں نے بڑی تعداد میں فیسٹول میں شرکت کی

چترال (نامہ نگار) ہزاروں سال قدیم کالاش قبیلے کے موسم خزان کا معروف فیسٹول ” پوڑ” بریر وادی میں اپنی رنگینیوں کے ساتھ اختتام پذیر ہوا ۔ بریر ، رمبور اور بمبوریت کے لوگوں ، ملکی و غیر ملکی سیاحوں نے بڑی تعداد میں فیسٹول میں شرکت کی ، اور قدیم و منفرد کلچر سے مزین تہوار سے لطف اندوز ہوئے ، فیسٹول کے انتظامات کالاش ویلیز ڈویلپمنٹ پروگرام ( کے وی ڈی اے ) نے انجام دی ۔ ڈپٹی کمشنر چترال راوہاشم عظیم فیسٹول کے مہمان خصوصی تھے ، جبکہ دیگر مہمانوں میں ڈی جی کے وی ڈی اے منہاس الدین ، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر محمد عیسی خان ، چترال ٹورزم ایسوسی ایشن کے چیرمین سید حریر شاہ تھے ، فیسٹول کا آغاز دن 11بجے بشار ڈانسنگ پلیس بریر میں ڈپٹی کمشنر کی آمد پر شروع ہوا ۔ کالاش قاضی میر باچا نے ڈپٹی کمشنر اور دیگر مہمانوں کو خوش آمدید کہا ، اور مختصرا پوڑ فیسٹول کے بارے میں حاضرین کو آگاہ کیا ۔ فیسٹول میں شرکت کیلئے بریر کے مختلف دیہات ، گرمبت گول ، گروڑ، آسپر ، گزکورو ، جوگورو ، گری اور بہاڑ سے کالاش مردو خواتین ٹولیوں کی صورت میں جمع ہوئے تھے۔ ڈی سی کی آمد کے ساتھ ڈھول کی تھاپ پر ڈانس کرتے ہوئے پوڑ فیسٹول کا آغاز کیا ، اور ایک دوسرے کے بانہوں میں بانہیں ڈال کر محبت کا اظہار کرتے ہوئے رقص کیا ۔ کالاش جوان سال لڑکیوں کے خوبصورت ملبوسات میں رقص دیدنی تھا ۔ دھوپ اور صاف موسم کے باعث فیسٹول کیلئے ماحول انتہائی خوش گوار تھا ۔
ڈی جی کالاش ویلیز ڈویلپمنٹ پروگرام منہاس الدین اور چیرمین چترال ٹورزم ایسوسی ایشن سید حریر شاہ پوڑ فیسٹول کے موقع پر موجود تھے ۔ کے وی ڈی اے کی طرف سے مہمانوں کی نشست کیلئے انتظامات کئے گئے تھے ۔ دوپہر دو بجے تک فیسٹول کے بعض پروگرامات بشار ڈانسنگ پلیس ( چھار سو) میں انجام پائے ۔ جس کے بعد حسب روایت قبیلے کے سینکڑوں لوگ اور ملکی و غیر ملکی سیاح اور مہمان ڈھول اور سیٹیاں بجاتے رقص کرتے ہوئے گری ڈانسنگ پلیس پہنچ گئے ۔ اور فیسٹول کے آخری پروگرامات وہاں انجام پائے ۔ نوجوان لڑکے اور لڑکیوں نے پوڑ فیسٹول کیلئے نئے کپڑے زیب تن کئے تھے ، خاص کر لڑکیوں کی کڑھائی اور کشیدہ کاری سے مزین لباس سیاحوں اور مہمانوں کو اپنی طرف متوجہ کرنے پر مجبور کرتے رہے ۔ پوڑ وہ تہوار ہے ۔ جو صدیوں سے صرف بریر وادی میں منایا جاتا ہے ۔ یہ تہوار دیگر کالاش وادیوں میں نہیں منایا جاتا ۔ یہ تہوار مال مویشیوں کی گرمائی چراگاہوں سے بخیریت گاؤں کو واپسی اور فصلوں و میوہ جات خصوصا اخروٹ ، انگور پکنے کی خوشی میں منایا جاتا ہے ۔ اس موقع پر اخروٹ اور انگور درختوں سے اتارکر سردیوں کے لئے جمع کئےجاتے ہیں ، اور فیسٹول میں شریک مہمانوں کی مہمان نوازی بھی ان سے کی جاتی ہے ۔ جبکہ رشتہ داروں میں بھی تقسیم کئے جاتے ہیں ۔ اس فیسٹول میں مقامی زرد پھول گلسمبر سے ایک خاص قسم کی ٹوپی تیار کی جاتی ہے ۔ اور وہ صرف اس فیسٹول سے منسوب ہے ۔




