تازہ ترین

وادی کالاش کے میڈیا کانٹینٹ کریٹرز کے لیے تین روزہ کیپیسٹی بلڈنگ ورکشاپ

چترال ( فتح اللہ ) چترال کی وادی کالاش بمبوریت ( موموریت) میں میڈیا کانٹینٹ کریٹرز کے لیے تین روزہ تربیتی ورکشاپ کا آغاز ہوگیا۔ یہ تربیت آغا خان رورل سپورٹ پروگرام (AKRSP) اور کالاش پیپلز ڈویلپمنٹ نیٹ ورک (KPDN) کے باہمی اشتراک سے منعقد کی گئی ہے، جس کا مقصد مقامی نوجوانوں کو اخلاقی اور ذمہ دار میڈیا رپورٹنگ، اسکرپٹ رائٹنگ، ویڈیو ایڈیٹنگ اور مثبت سوشل میڈیا کانٹینٹ تیار کرنے کی تربیت فراہم کرنا ہے۔
ورکشاپ کی افتتاحی تقریب میں کالاش ویلیز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل، مہناس الدین نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہماری ترجیح ہے کہ کالاش اور مسلم کمیونٹی کے مشورے سے علاقے کی ثقافت، سیاحت اور مقامی اقدار کو فروغ دیا جائے۔ آئندہ منصوبہ بندی میں مقامی نوجوانوں اور صحافیوں کو بھرپور طور پر شامل کیا جائے گا تاکہ درست اور مثبت رپورٹنگ کو تقویت ملے۔

تقریب کے دوران انہوں نے حالیہ کالاش تہوار کے حوالے سے صحافی فتح اللہ کی ایک وی لاگ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی ویڈیو اور مقامی رپورٹنگ پر کچھ باتیں اس تقریب میں شامل کرنا تاکہ آئندہ ہم مثبت اور مشترکہ حکمتِ عملی سے آگے بڑھیں گے۔
فتح اللہ نے موقع پر تجویز پیش کی کہ مقامی صحافیوں اور کانٹینٹ کریٹرز کو ایسے پلیٹ فارمز پر بلایا جائے جہاں وہ علاقے اور اس کے کلچر کی درست نمائندگی کر سکیں۔ کیوں کہ جتنے بھی باہر کے رپورٹرز وادی میں آتے ہیں وہ مذہبی تہوار کو کسی کی نگرانی میں زیر انتظام لکھتے ہیں اور کسی سیاسی شخصیت یا آفیسرز کو بطور مہمان خصوصی اپنے رپورٹ میں شامل کرتے ہیں جس سے مقامی نوجوانوں کو مایوسی کا سامنا ہوتا ہے وہ کہتے ہیں کہ یہ مذہبی تہوار ہے اس کی نگرانی بھی ہم ہی کر رہے ہیں اور صدیوں سے خود مناتے ہوئے آ رہے ہیں۔ یہ کوئی کرکٹ یا فٹ بال ٹورنامنٹ نہیں جہان کوئی کسی کی نگرانی میں اس جشن کو منائے یا کوئی بطور مہمان خصوصی شریک ہو ۔ اس پر ڈی جی کالاش ویلز ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے کہا کہ ایسے رپورٹنگ کے روک تھام کے لیے ہم بھرپور کوشاں ہیں ۔ اس کے لیے بہترین منصوبہ بندی کریں گے ۔

ورکشاپ کے دوران لوک رحمت نے “اخلاقیات، سوشل میڈیا کے مثبت استعمال، مقامی ثقافت اور سیاحت کی تشہیر” کے موضوع پر تفصیلی پریزنٹیشن دی۔
شرکاء کو مختلف گروپوں میں تقسیم کرکے کالاش وادی کے بارے میں مثبت مواد تیار کرنے اور انہیں درپیش چیلنجز پر گفتگو کی گئی۔
ہر گروپ کو ایک ذمہ داری دی گئی کہ وہ اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر علاقے کی حقیقی تصویر دنیا کے سامنے پیش کریں۔

آغا خان رورل سپورٹ پروگرام کی نمائندگان کاشف، علیہ اور نائلہ نے ورکشاپ کے دوران اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس علاقے میں مثبت تبدیلی چاہتے ہیں۔ مقامی نوجوان اگر خود اپنی کہانی دنیا کے سامنے پیش کریں گے تو نہ صرف سیاحت کو فروغ ملے گا بلکہ کالاش ثقافت کا مثبت تاثر بھی عالمی سطح پر اجاگر ہوگا۔
ورکشاپ کے دوسرے اور تیسرے دن بھی تربیتی سلسلہ جاری رہے گا۔ کالاش لڑکیوں اور لڑکوں کو عملی سرگرمیوں کے ذریعے ایک باصلاحیت اور ذمہ دار کانٹینٹ کریٹر بننے کی تربیت دی جا رہی ہے۔
منتظمین کے مطابق یہ پروگرام نوجوانوں کو ایک ایسے پلیٹ فارم پر متحد کرے گا جہاں وہ صحافتی اصولوں، سیاحتی فروغ اور ثقافتی تحفظ کے لیے مؤثر کردار ادا کر سکیں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button