تازہ ترین

وزیراعلیٰ نے گرلز کیڈٹ کالج مردان میں منعقدہ یومِ والدین کی سالانہ تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت محدود وسائل کے باوجود تعلیم، صحت، گڈ گورننس اور عوامی خدمت کے شعبوں میں بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے وژن کے مطابق دن رات محنت کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کو درپیش چیلنجز دیگر صوبوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہیں، تاہم حکومت کی ترجیح انسانی ترقی اور عوامی فلاح ہے۔
وزیراعلیٰ نے گرلز کیڈٹ کالج مردان میں منعقدہ یومِ والدین کی سالانہ تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب کے دوران وزیراعلیٰ نے نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والی کیڈٹس میں میڈلز، ٹرافیاں اور سرٹیفیکیٹس تقسیم کیے۔ اس موقع پر کیڈٹس کی جانب سے شاندار مارچ پاسٹ کا مظاہرہ بھی کیا گیا، جس کا وزیراعلیٰ نے معائنہ کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج گرلز کیڈٹ کالج مردان میں نہ صرف خیبر پختونخوا بلکہ دیگر صوبوں اور اوورسیز پاکستانیوں کے بچے بھی زیر تعلیم ہیں، جو اس ادارے کے تعلیمی ماحول پر اعتماد کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کی بچیوں کو معیاری اور باوقار تعلیم کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے اور اس شعبے میں مزید سرمایہ کاری کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے ضلع خیبر میں بھی گرلز کیڈٹ کالج کے قیام کا اعلان کیا۔ انہوں نے گرلز کیڈٹ کالج مردان کی زیر تعمیر عمارت کی بروقت تکمیل کے لیے درکار فنڈز فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ صوبائی حکومت معیاری تعلیمی اداروں کے قیام اور فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ خیبر پختونخوا کو آئینی طور پر اپنے مالی حقوق مکمل طور پر حاصل نہیں ہو رہے۔ انہوں نے بتایا کہ وفاق پر صوبے کے واجب الادا مالی حقوق کی مجموعی رقم 4500 ارب روپے سے تجاوز کر چکی ہے، جن میں پن بجلی کے بقایاجات، ضم اضلاع کے لیے وعدہ شدہ فنڈز، نیٹ ہائیڈل پرافٹس اور دیگر مالی مدات شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضم اضلاع کو انتظامی طور پر تو شامل کر لیا گیا، مگر مالی طور پر آج تک مکمل انضمام نہیں ہو سکا، جو آئین کی خلاف ورزی ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ خیبر پختونخوا پاکستان کو سب سے سستی بجلی فراہم کر رہا ہے، جبکہ وفاقی سطح پر کیے گئے مہنگے معاہدوں کے باعث بجلی کی قیمتوں میں شدید اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر صوبے کو اس کے جائز مالی وسائل فراہم کر دیے جائیں تو توانائی، تعلیم، صحت اور سماجی شعبوں میں مزید سرمایہ کاری ممکن ہو گی، جس کا فائدہ نہ صرف خیبر پختونخوا بلکہ پورے پاکستان کو ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی عدم استحکام، غلط معاشی فیصلوں، بڑھتی ہوئی مہنگائی، صنعتی اور زرعی ترقی میں کمی اور بے روزگاری میں اضافے نے ملکی معیشت کو شدید نقصان پہنچایا ہے، جس کے نتیجے میں لاکھوں پاکستانی ملک چھوڑنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی ترقی کا واحد راستہ آئینی بالادستی، منصفانہ وسائل کی تقسیم اور سیاسی استحکام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ذاتی انا، بغض اور سیاسی انتقام سے بالاتر ہو کر قومی مفاد کو ترجیح دینا ہوگی۔ صوبائی حکومت عوام کے اعتماد کے ساتھ خیبر پختونخوا کو ایک مضبوط، خودمختار اور خوشحال صوبہ بنانے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button