تازہ ترین

​اے این پی لوئر چترال کے زیرِ اہتمام “باچا خان ڈے” کی تقریب، کارکنان کا قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار

چترال (نامہ نگار)عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) لوئر چترال کے زیرِ اہتمام فخرِ افغان باچا خان اور رہبرِ تحریک خان عبدالولی خان کی برسی کی مناسبت سے اے این پی سیکریٹریٹ الحسین پلازہ میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں پارٹی کارکنان اور نظریاتی وابستگان کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

اجلاس کی صدارت اے این پی کے ضلعی صدر الحاج عید الحسین نے کی۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا، جس کے بعد مقررین نے باچا خان اور ولی خان کی تحریکِ آزادی اور عوامی حقوق کے لیے دی گئی قربانیوں پر مفصل روشنی ڈالی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران حسین اور سجاد خان (ساکنہ بروز) نے کہا کہ فخرِ افغان باچا خان نے عدم تشدد کے فلسفے کے ذریعے شعور کی جو شمع روشن کی، وہ آج بھی انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ انہوں نے ولی خان کی سیاسی بصیرت اور آئین کی بالادستی کے لیے ان کی جدوجہد کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ اے این پی کی تاریخ قربانیوں سے عبارت ہے اور یہ جماعت مظلوم طبقات کی اصل ترجمان ہے۔

اس موقع پر موجود کارکنان نے ایک زبان ہو کر اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ باچا خان کے فلسفے پر پہرہ دیں گے اور پارٹی کی مضبوطی کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ اجلاس کے شرکاء نے اے این پی کی مرکزی، صوبائی اور ضلعی قیادت پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اس عہد کی تجدید کی کہ وہ پارٹی نظم و ضبط کے تحت تحریک کو مزید منظم کریں گے۔
اجلاس کے آخر میں باچا خان، ولی خان اور تحریک کے دیگر شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی فاتحہ خوانی اور دعا کی گئی۔ تقریب دعائیہ کلمات کے ساتھ اپنے اختتام کو پہنچی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button